نریندر مودی حکومت برطانوی دور حکومت کے مماثل

   

Ferty9 Clinic

سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس محمد سلیم کا الزام

حیدرآباد۔9 اگست (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کے سکریٹری محمد سلیم نے نریندر مودی دور حکومت کو برطانوی حکمرانوں سے تعبیر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان چھوڑدو تحریک کے تاریخی دن کے موقع پر عوام کو نفرت کے کلچر کے خلاف تحریک شروع کرنی چاہئے۔ انہوں نے دستور کی دفعہ 370 کی برخاستگی کو غیر جمہوری اقدام قرار دیا اور کہا کہ مرکزی حکومت نے آر ٹی آئی قانون کو کمزور کردیا۔ اس کے علاوہ اقلیتوں کے خلاف این آئی اے کے استعمال کے لیے زائد اختیارات دیئے گئے۔ طلاق ثلاثہ بل کے ذریعہ شریعت میں مداخلت کی گئی۔ بی جے پی دور حکومت میں عوام بالخصوص اقلیتیں، دلت اور خواتین خوفزدہ اور عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح برطانوی دور حکومت میں عوام خوف کا شکار تھے اسی طرح کی صورتحال بی جے پی دور حکومت میں ہے۔ بی جے پی اپنی تہذیب کو دنیا بھر میں عام کرنا چاہتی ہے۔ آر ایس ایس اور سنگھ پریوار کے نظریات عوام پر مسلط کیے جارہے ہیں۔ سکریٹری پردیش کانگریس نے کہا کہ نریندر مودی اپوزیشن کی آواز کو کچلنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو کمزور کرنے کی کوئی بھی کوشش جمہوریت کو کمزور کرنے کی مترادف ہے۔ مودی دور حکومت میں کئی کسانوں نے خودکشی کرلی لیکن انہیں معاوضہ نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ گائو رکھشا اور دیگر عنوانات کے تحت تشدد کو ہوا دی جارہی ہے۔ مودی حکومت اعلی طبقات کو ترجیح دے رہی ہے جبکہ دلتوں، ایس سی، ایس ٹی اور اقلیتوں کو نظرانداز کردیا گیا۔ بڑے صنعتی گھرانوں کی مدد کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مندر اور مسجد کے نام پر عوام کو تقسیم کردیا گیا جس طرح برٹش راج میں پھوٹ ڈالو حکومت کی پالیسی تھی اسی پر بی جے پی گامزن ہے۔ کانگریس قائد نے موجودہ صورتحال میں بی جے پی سے مقابلہ کے لیے راہول گاندھی کے ہاتھ مضبوط کرنے کی اپیل کی۔