نریندر مودی نے صدر ٹرمپ کی خیریت دریافت کی

   

نئی دہلی، 26 اپریل (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے ہفتے کی رات وائٹ ہاؤس کے ایک پروگرام کے دوران فائرنگ کے واقعے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، خاتون اول میلانیا اور نائب صدر جے ڈی وینس کی سلامتی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہے اور اس کی واضح طور پر مذمت کی جانی چاہیے ۔ وزیراعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ ”یہ جان کر اطمینان ہوا کہ واشنگٹن ڈی سی کے ایک ہوٹل میں پیش آنے والے حالیہ سکیورٹی واقعے کے بعد صدر ٹرمپ، خاتون اول اور نائب صدر محفوظ اور بخیریت ہیں۔ان کی سلامتی اور خیر و عافیت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے مزید کہا کہ ”جمہوریت میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہے اور اس کی بلاامتیاز مذمت کی جانی چاہیے ۔واضح رہے کہ واشنگٹن میں ہفتے کی رات (ہندوستانی وقت کے مطابق 26 اپریل صبح 6:06 بجے ) ‘وائٹ ہاؤس کرسپونڈنٹس ایسوسی ایشن’ (ڈبلیو ایچ سی اے ) کے زیر اہتمام منعقدہ عشائیے کے دوران گولیاں چلائی گئیں۔ اس تقریب میں صدر ٹرمپ، ان کی اہلیہ، نائب صدر وینس، ایف بی آئی ڈائریکٹر کاش پٹیل اور کئی دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے ۔ تمام معززین کو بحفاظت نکال لیا گیا اور حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔