نریندر مودی نے وزیر اعظم عہدہ سے استعفیٰ پیش کردیا

,

   

8جون کو تیسری مرتبہ وزیر اعظم کے عہدہ کا حلف لینے کی توقع

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا۔ آج انھوں نے مرکزی کابینہ کی میٹنگ کی صدارت کی جس میں 17ویں لوک سبھا کو تحلیل کرنے کی سفارش کی گئی۔ موجودہ لوک سبھا کی مدت کار 16 جون کو ختم ہو رہی تھی اور اب اگلی حکومت کی تشکیل کے لیے سرگرمیاں دیکھنے کو ملیں گی۔ مرکزی کابینہ کی میٹنگ ختم ہونے کے بعد وزیر اعظم مودی راشٹرپتی بھون پہنچے اور انھوں نے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کو لوک سبھا تحلیل کرنے کی سفارش کرتے ہوئے اپنا اور دیگر وزراء کا استعفیٰ نامہ سونپا۔ اس سفارش کو صدر جمہوریہ نے منظوری دے دی۔ ساتھ ہی صدر جمہوریہ نے نریندر مودی سے اگلی حکومت کی تشکیل تک بطور کارگزار وزیر اعظم ذمہ داری سنبھالنے کی گزارش کی۔قابل ذکر ہے کہ لوک سبھا کے نتائج کا اعلان ہو چکا ہے اور 543 لوک سبھا سیٹوں میں سے 240 سیٹوں پر بی جے پی اور 99 سیٹوں پر کانگریس کو جیت ملی ہے۔ بی جے پی کی قیادت والے این ڈی اے کو 292 اور کانگریس کی قیادت والے انڈیا بلاک کو 234 سیٹیں ملی ہیں۔ نتیجوں سے واضح ہے کہ ملک میں اگلی حکومت اتحاد والی حکومت ہوگی۔ حکومت کی تشکیل کے لیے آج ہی این ڈی اے اور انڈیا بلاک کی بھی میٹنگیں ہوں گی جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ اطلاعات کے مطابق نریندر مودی 8جون کو پھر وزیراعظم کے عہدہ کا تیسری مرتبہ حلف لیں گے ۔نریندر مودی 8 جون کو مسلسل تیسری بار ہندوستان کے وزیر اعظم کے طور پر حلف لیں گے۔بی جے پی کے ذرائع نے بتایا کہ مودی 8 جون کی شام راشٹرپتی بھون میں وزیر اعظم کے طور پر حلف لیں گے۔مودی سابق وزیر اعظم جواہر لال نہرو کے بعد مسلسل تیسری مدت کیلئے اقتدار برقرار رکھنے والے دوسرے قائد ہوں گے۔اطلاعات کے مطابق مرکزی وزراء کی نئی کونسل بھی اسی دن 8 جون کو حلف لے گی۔