نریندر مودی پر فلم میں کوئی گانا نہیں لکھا : جاوید اختر ’ٹریئلر میں نام دیکھ کر صدمہ ہوا‘

   

ممبئی ۔ 22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ممتاز نغمہ نگار جاوید اختر نے جمعہ کو کہا کہ ویویک اوبرائے کی فلم ’پی ایم نریندر مودی‘ کیلئے انہوں نے کوئی گانا نہیں لکھا ہے اور فلم کے ٹریئلر میں ان کا نام دیکھ کر انہیں کافی صدمہ پہنچا ہے۔ 74 سالہ جاوید اختر نے ایک فوٹو بھی پیش کی جس میں ان کا نام دیگر گیت کاروں پر سون جوشی، سمیر، ابھیندر کمار، اپادھیائے، سردارا، پری جی اور لاؤراج کے ساتھ موجود ہے۔ اختر نے اپنے مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر لکھا کہ ’’اس فلم کے پوسٹر پر اپنا نام دیکھ کر مجھے صدمہ ہوا۔ اس (فلم) کیلئے میں نے کوئی گانا نہیں لکھا!‘‘۔ جاوید اختر کی شریک حیات اور سینئر اداکارہ شبانہ اعظمی نے بھی ان کے پوسٹ کو اپنے ٹوئیٹر پر دوبارہ پیش کیا۔ وزیراعظم نریندر پر امنگ کمار کی ہدایت میں تیار کردہ بائیوپک کا پہلا ٹریئلر چہارشنبہ کو جاری کیا گیا۔ اس فلم میں بومن ایرانی، منوج جوشی، زرینہ وہاب اور پرشانت نارائنن وغیرہ بھی شامل ہیں۔