نریندر مودی پیدائشی ہندوستانی شہری

,

   

آر ٹی آئی ایکٹ کے تحت ایک شہری کے سوال پر وزیراعظم کے دفتر کا جواب

نئی دہلی 28 فروری (سیاست ڈاٹ کام) مرکز کی بی جے پی حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ میں شہریت ترمیمی قانون منظور کئے جانے کے بعد ملک بھر میں قانون کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہورہے ہیں اور ہر شہری اپنی تاریخ پیدائش اور جائے پیدائش کو ثابت کرنے کے مسئلہ پر پریشان ہے۔ ایسے میں ایک ہندوستانی شہری نے حق معلومات قانون (آئی ٹی آئی) کے تحت ایک درخواست داخل کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کی شہریت کا سوال اُٹھایا ہے۔ وزیراعظم کے دفتر کو ملنے والی درخواست میں شہری شری سبھانکر سرکار نے اپنے 17 جنوری 2020 ء کے مکتوب میں وزیراعظم کے دفتر سے سوال کیا تھا کہ براہ کرم آپ ہمارے عزت مآب وزیراعظم ہند شری نریندر دامودر مودی کی سٹیزن شپ سرٹیفکٹ دکھائیں۔ اِس کے جواب میں انڈر سکریٹری پروین کمار نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی شہریت قانون 1955 کے دفعہ 3 کے قواعد کے تحت پیدائشی ہندوستانی شہری ہیں۔ جہاں تک اِن کی شہریت سرٹیفکٹ حاصل ہونے کا سوال ہے جو رجسٹریشن کے ذریعہ سٹیزن شپ کے لئے ہوتی ہے یہاں پر اِس کا اطلاق نہیں ہوتا۔ وزیراعظم کے دفتر کا جواب مبہم اور غیر واضح ہے۔ شہریت کے مسئلہ پر ملک کے عوام پریشان ہیں اور خود وزیراعظم نریندر مودی کا سٹیزن شپ سند بتانے سے وزیراعظم کا دفتر قاصر ہے اور انھیں پیدائشی طور پر ہندوستانی شہری کہتے ہوئے بری الذمہ ہونے کی کوشش کی ہے۔ اِسی طرح شہریت قانون کے نفاذ کے بعد سرکاری نمائندے عوام سے شہریت کا سرٹیفکٹ مانگیں تو وہ بھی خود کو پیدائشی ہندوستانی شہری ہونے کا دعویٰ کرسکتے ہیں۔لیکن سوال یہ ہے کہ اِس طرح عام شہری کے دعوے کو قبول کیا جائے گا؟