نریندر گیری کی موت ، خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل

,

   

شاگرد کے خلاف مقدمہ درج
سی بی آئی جانچ کیلئے شیوسینا کا مطالبہ
پریاگ راج ؍ نئی دہلی : چیف منسٹر اترپردیش یوگی ادتیہ ناتھ جو اکھاڑہ پریشد کے صدر مہنت نریندر گیری کو خراج عقیدت پیش کرنے الہ آباد پہنچے، انہوں نے مہنت گیری کی موت کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کیلئے ایس آئی ٹی تشکیل کا اعلان کیا ہے۔ تاہم ، شیوسینا نے اس معاملہ میں بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یوپی میں ہندوتوا کا گلا گھونٹ دیا گیا ہے۔ انہوں نے مہنت گیری کی پراسرار موت کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔ شیوسینا ایم پی سنجے راوت نے کہاکہ جس طرح مہاراشٹرا میں مخلوط حکومت میں پال گھر کیس کی تحقیقات کی ، اسی طرح مہنت گیری معاملہ کی بھی انکوائری ہونی چاہئے۔ دریں اثناء مہنت گیری کی مشتبہ موت کے معاملے میں ان کے شاگرد آنند گری کے خلاف مقدمہ درج کرایا گیا ہے ۔پولیس ترجمان نے منگل کو یہاں بتایا کہ بندوا میں واقع ہنومان مندر کے منتظم امر گیری نے پیر کی دیر رات دی گئی تحریر کی بنیاد پر جارج ٹاون تھانے میں آنند گیری کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 306کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ان کے خلاف خودکشی پر ابھارنے کا الزام ہے ۔تحریر میں مہنت نریندر گیری اور ان کے شاگرد کے درمیان تنازعہ کی بات کا ذکر ہے ۔ نریندر گیری نے سوسائڈ نوٹ میں آنند گیری کے علاوہ ہنومان مندر کے بڑے پجاری آگیا پرساد اور ان کے بیٹے سندیپ پر بھی پریشان کرنے کا الزام لگایا ہے۔