نئی دہلی: کانگریس کے ترجمان پون کھیرا نے رافیل سودے پر مودی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رافیل معاملے پر مودی حکومت کی طرف سے آپریشن کور اپ چل رہا ہے۔ پورے معاملے پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اسی کیس کو دبانے کے لیے 2018 میں سی بی آئی میں تختہ پلٹ کیا گیا۔ہمارا سوال یہ ہے کہ یہ تختہ پلٹ نصف شب کو کیوں کیا گیا ؟ یہ معاملہ 36 ماہ بعد کیوں سامنے آیا؟ 11 اکتوبر 2018 کو ماریشس کی حکومت نے اٹارنی جنرل کے ذریعے سی بی آئی کو رافیل کی خریداری سے متعلق کمیشن کی ادائیگی کے دستاویزات دیئے۔ 23 اکتوبر کوپی ایم کی قیادت والی کمیٹی نے نصف شب کو سی بی آئی ڈائریکٹر آلوک ورما کو ہٹا دیا، جو رافیل گھوٹالے پر پردہ ڈالنے کی سازش تھی۔ رافیل گھوٹالہ 60-80 کروڑ کی کمیشن کی ادائیگی نہیں ہے۔ یہ سب سے بڑا دفاعی گھوٹالہ ہے اور صرف ایک آزادانہ تحقیقات ہی اس گھوٹالے کا پردہ فاش کرنے میں کامیاب ہے۔
