نظام آبادمیں قومی ہلدی بورڈ کا افتتاح

   

2030ء تک ایک ملین ڈالرپرمشتمل ہلدی کی برآمدت کا نشانہ ۔امیت شاہ
نظام آباد:29/جون (محمد جاوید علی) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت نے ریاست تلنگانہ کے ہلدی کسانوں سے کئے گئے وعدہ کو وفا کرتے ہوئے قومی ہلدی بورڈ قائم کیا ہے مسٹرامیت شاہ نظام آباد میں اتوار کے روز قومی ہلدی بورڈ کے نئے دفتر کا افتتاح کیا اور اس موقع پر ہلدی مصنوعات کی نمائش کا مشاہدہ کیا۔ اس افتتاحی تقریب میں مرکزی وزراء کشن ریڈی، بنڈی سنجے، ریاستی وزراء تمّلا ناگیشور راؤ، سیتکّا، بورڈ کے صدر پلی گنگا ریڈی، ارکان اسمبلی دھنپال سوریہ نارائنا،ڈاکٹر بھوپت ریڈی، کلکٹر ٹی وینئے کرشنا ریڈی، بورڈ کی وائس چیئرپرسن بھوانی سری اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔اس موقع پر منعقدہ جلسے سے مخاطب کرتے ہوئے مسٹر امیت شاہ نے کہا کہ 2030 تک بھارت ایک ملین ڈالر کی مالیت پر مشتمل ہلدی برآمدات کا نشانہ رکھتا ہے اور اسی مقصد کے لیے مرکزی حکومت نے ”بھارت کوآپریٹو ایکسپورٹ لمیٹڈ” اور ”بھارت آرگینک کوآپریٹو ایکسپورٹ لمیٹڈ” جیسی کمپنیاں قائم کی ہیں جن کی شاخیں نظام آباد میں بھی قائم کی جائیں گی تاکہ مقامی کسانوں کو عالمی بازار تک رسائی حاصل ہو۔ امیت شاہ نے کہا کہ 2026 تک ملک میں نکسلائٹس کا خاتمہ کیا جائے گا اگر نکسلائٹس ہتھیار چھوڑ کر بات کرنا چاہتے ہیں تو حکومت تیار ہے لیکن ہتھیار کے ساتھ کسی بھی صورت میں بات چیت نہیں کی جائے گی انہوں نے کہا کہ پچھلے 10 سالوں میں آدی واسی طبقے سے تعلق رکھنے والے 40 ہزار افراد کی جان لی گئی ہے ۔اس موقع پر ریاستی وزیر زراعت تمّلا ناگیشور راؤ نے ہلدی بورڈ کے قیام پر مرکز حکومت سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ نظام آباد کے کسانوں کی برسوں کی جدوجہد آج کامیابی سے ہمکنار ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت بھی وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کی قیادت میں کسانوں کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور شدید مالی بحران کے باوجود حکومت نے ایک سال میں کسانوں پر ایک لاکھ کروڑ روپے خرچ کیے ہیں۔ اس سے قبل بورڈ کے صدر پلے گنگا ریڈی نے خیرمقدمی خطاب کیا۔ اس موقع پرمرکزی وزیر کشن ریڈی، بنڈی سنجے مرکزی وزیر ، رکن پارلیمنٹ ڈی اروند کے علاوہ دیگر نے بھی مخاطب کیا۔جلسے میں ضلع بی جے پی صدر دنیش کلچاری کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔