نظام آباد سرکاری ہاسپٹل میں طبی سہولیات کا جائزہ

   

تمام شعبہ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے پر زور، مفت خدمات سے استفادہ کرنے عوام سے خواہش
نظام آباد۔ 26 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع نظام آباد کے سرکاری جنرل اسپتال (جی جی ایچ) میں فراہم کی جا رہی طبی سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے بودھن رکن اسمبلی پی سدرشن ریڈی اور ضلع کلکٹر ٹی ونئے کرشنا ریڈی نے آج دورہ کیا۔ رکن اسمبلی بودھن سدرشن ریڈی اور کلکٹر و نئے کرشنا ریڈی نے جنرل اسپتال میں اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے اسپتال کی کارکردگی پر متعلقہ عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا رکن اسمبلی سدرشن ریڈی نے کہا کہ روزآنہ جی جی ایچ میں 1800 تا 2000 او پی مریض رجوع ہو رہے ہیں ایسے میں تمام شعبہ جات میں کارکردگی مزید فعال بنانے کے لیے زور دیا انہوں نے بتایا کہ جی جی ایچ میں 180 ماہر ڈاکٹر، مناسب تعداد میں عملہ اور جدید ترین طبی سہولیات دستیاب ہیں، جس سے عوام کو بہترین خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جی جی ایچ کی مفت طبی سہولیات سے استفادہ کریں کیونکہ یہاں شوگر، بی پی، ڈینگی، ملیریا، تھائرائیڈ وغیرہ کی تشخیص کے تمام ٹسٹ مفت کئے جاتے ہیں جن پر خانگی اسپتالوں میں ہزاروں روپے وصول کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے فخر کے ساتھ بتایا کہ ریاست کے کسی اور سرکاری اسپتال میں نہیں لیکن نظام آباد جی جی ایچ میں گھٹنوں کی تبدیلی جیسی پیچیدہ سرجریز کی جا رہی ہیں جب کہ دانتوں کے شعبہ میں بھی مہنگی سرجریز کامیابی سے انجام دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ یہ اسپتال تقریباً 15 سال قبل تعمیر ہوا تھا، اس لیے دیکھ بھال میں جو کوتاہیاں رہ گئی ہیں انہیں بھی درست کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔ صرف نظام آباد ہی نہیں بلکہ بودھن، آرمور اور دیگر مقامات پر قائم سرکاری اسپتالوں میں درپیش معمولی مسائل کا بھی جلد ازالہ کیا جائے گا تاکہ عوام کو معیاری طبی خدمات فراہم کی جا سکیں۔اس دورہ میں ریاستی اردو اکیڈیمی صدر طاہر بن حمدان، نوڈا چیرمین کیشو وینو، ضلع لائبریری کمیٹی صدر انتاریڈی راجی ریڈی، جی جی ایچ سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سرینواس اور دیگر متعلقہ عہدیدار شریک تھے۔