نظام آباد سے عازمین حج کے قافلے کی روانگی

   

ممتاز تاجر ایس اے کریم کا قابل تحسین تعاون، ملک و ریاست کیلئے دعاؤں کی خواہش
نظام آباد :15 ؍ مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حج سوسائٹی نظام آباد کی جانب سے سال 2024ء عازمین حج کیلئے ہر سال کی طرح اس سال بھی نظام آبا د تا حج ہاؤز نامپلی حیدرآباد کیلئے مفت ٹراویلس بس و لگیج گاڑیوں کا انتظام کیاگیا۔ حج سوسائٹی نظام آباد نے آج روانہ ہونے والے 78عازمین حج کیلئے ایک ٹراویلس بس اور دو لگیج گاڑیوں کا انتظام کرتے ہوئے نظام پیالیس فنکشن ہال بودھن روڈ نظام آباد سے قافلہ کی روانگی آج صبح 10بجے عمل میں آئی۔ اس موقع پر حج سوسائٹی نظام آباد صدر مولانا شیخ اسماعیل عارفی، نائب صدر اظہر فاروقی، جنرل سکریٹری محمد نصیر الدین، وسوسائٹی کے دیگر ذمہ داران محمد افضل الدین، وسیم احمد خان، محمد منظور، شیخ حسین، مولانا حافظ سید سمیع اللہ، محمد عبدالقدیر الرشید فرنیچر، گولڈن ویلفر سوسائٹی پھولانگ عزیز خان و دیگر سرگرم کارکنان نے عازمین حج کی رہنمائی کیلئے مدد و تعاون کیا۔ ا س موقع پر محمد نصیر الدین نے عازمین حج کو نظام آباد سے حج ہاؤز تک کے سفر اور حج ہاؤز نامپلی میں قیام کے بعد ازاں آج رات 12بجے حج کی سعادت کیلئے شمس آباد ائیر پورٹ روانگی کے سلسلہ میں تفصیلات بیان کرتے ہوئے واقف کروایا اور حج سوسائٹی نظام آباد کی جانب سے عازمین حج کے درخواست فارم کے ادخال سے لیکر تربیتی اجتماعات کا انعقاد اور سرکاری طورپر ٹیکہ اندازی و پولیو کی خوراک دلح جانے کے انتظامات و طریقہ کار سے بھی واقف کرواتے ہوئے 26سالہ کارکردگی کو بیا ن کیا۔ اور عازمین حج سے ملک و ریاست اور نظام آباد کی بھلائی و ترقی، امن و امان کی برقراری و خوشحالی کیلئے خصوصی دعاکرنے کی خواہش کی۔ یہاں یہ ذکر ضروری ہوگا کہ عازمین حج کے قافلے کی روانگی کے سلسلے میں نظام آباد تا حج ہاؤز نامپلی تک حاجیوں کے لگیج کیلئے ملی و دینی اور فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والے نظام آباد کے ممتاز بزنس مین مسٹر ایس اے کریم مالک ایچ کے گروپ آف کمپنیز برکت پورہ نظام آباد نے اپنی جانب سے 2گاڑیوں کا ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی انتظام کیا۔ حج سوسائٹی نظام آباد کی جانب سے کل یعنی 16/مئی جمعرات صبح 8بجے بمقام نظام پیالیس فنکشن ہال بودھن روڈ نظام آباد سے تقریباً 68 عازمین حج کا ایک اور قافلہ روانہ ہوگا۔ محمد نصیر الدین نے عازمین حج سے وقت کی پابندی کرتے ہوئے نظام پیالیس فنکشن ہال آنے کی درخواست کی ہے۔