نظام آباد لوک سبھا حلقہ سے مقابلہ کرنے کویتا کا اعلان

   

Ferty9 Clinic

ڈی اروند کو بہر صورت شکست دینے کا عزم
حیدرآباد ۔11۔ اگست (سیاست نیوز) بی آر ایس رکن کونسل کویتا نے انتخابات میں حصہ لینے کے مسئلہ پر مختلف پیش قیاسیوں کا خاتمہ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ آئندہ سال لوک سبھا کے عام انتخابات میں نظام آباد حلقہ سے مقابلہ کریں گی ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی رکن پارلیمنٹ ڈی اروند جہاں کہیں سے مقابلہ کریں گے وہ ان کے خلاف میدان میں اتر کر شکست کو یقینی بنائیںگی ۔ کویتا نے کہا کہ اسمبلی ہو یا پارلیمنٹ وہ اروند کے خلاف مقابلہ کیلئے تیار ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کویتا نے کہا کہ نظام آباد لوک سبھا حلقہ کی ترقی میں بی جے پی کی کوئی حصہ داری نہیں ہے۔ بی جے پی قائدین بی آر ایس حکومت کے خلاف بے بنیاد پروپگنڈہ کر رہے ہیں۔ کویتا نے کہا کہ رکن پارلیمنٹ اروند کو نظام آباد میں آئی ٹی ہب کے قیام کا کوئی تجربہ نہیں ہے۔ ریاستی حکومت ضلع کی ترقی پر کروڑہا روپئے خرچ کر رہی ہے ۔ کویتا نے بی جے پی رکن پارلیمنٹ بنڈی سنجے کو 24 گھنٹے برقی سربراہی کے مسئلہ پر چیلنج کیا اور کہا کہ بنڈی سنجے برقی سربراہی کی جانچ کرنے کیلئے اپنے دفتر کے سوئچ بورڈ میں اپنی انگلی رکھ کر جائزہ لے سکتے ہیں۔ کویتا نے اشارہ دیا کہ اس مرتبہ اروند نظام آباد لوک سبھا حلقہ سے مقابلہ نہیں کریں گے بلکہ کورٹلہ اسمبلی حلقہ سے مقابلہ کی تیاری کر رہے ہیں۔