نظام آباد میں آج ’’ رجوع الی القرآن ‘‘ کے عنوان پر خطاب عام

   

نظام آباد:19؍ اکتوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) خواجہ نصیر الدین ناظم ضلع جماعت اسلامی ہند نظام آباد اربن نے اپنے پریس نوٹ میں بتایا کہ جماعت اسلامی ہند کی جانب سے رجوع الی القرآن کی مہم14؍ اکٹوبر تا30؍ اکٹوبر سے جاری ہے جس میں اُمت کو قرآن سے جوڑنے کے لئے بیداری پیدا کی جائیگی۔اس ضمن میں ایک خطاب عام بعنوان ’’رجوع الی القرآن‘ 20؍اکٹوبر بروز جمعرات بعد نماز مغرب بمقام لمرا گارڈن فنکشن ہال بودھن روڈ نظام آباد منعقد ہوگا اس خطاب عام میں مولانا محمد جعفر نائب امیر جماعت اسلامی ہند، مولانا حامد محمد خان امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ اور جناب نذیر اللہ بیگ زاہدسکر یٹری برائے اسلامی معاشرہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ مخاطب کریںگے۔ عامتہ المسلمین سے شرکت کی گزارش ہے۔ خواتین کیلئے پردہ کا انتظام رہے گا۔
شہیدان پولیس کے ضمن میں دس روزہ پروگرامس کا اہتمام
نظام آباد:18؍ اکتوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)پولیس کمشنر مسٹر کے آر ناگاراجو نے بتایا کہ پولیس ملازمین کی قربانی کے باعث امن و ضبط کی برقراری یقینی ہوئی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار شہیدان پولیس کی تقریب کے موقع پر جاری کردہ اپنے ایک اعلامیہ میں پولیس کمشنر ناگاراجو نے بتایا کہ ڈی جی پی تلنگانہ کے احکامات کے مطابق 21 ؍ اکتوبر سے 31 ؍ اکتوبر تک نظام آباد پولیس کمشنریٹ کے آرمور ، نظام آباد ، بودھن کے تمام پولیس اسٹیشنوں میں مختلف پروگراموں کو انجام دیا جارہا ہے طلباء کے ساتھ پولیس اسٹیشنوں میں اوپن ہائوز ، مدارس میں تحریری مقابلہ ، فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہونے والے ملازمین کے افراد خاندان کے مسائل کے بارے میں واقفیت اور بلڈ ڈونیشن کیمپ ، 31؍ اکتوبر کے روز پولیس کمشنر یٹ مقامی طور پر پروگرام منایا جائیگا۔