سرکاری دواخانہ میں نصف شب افراتفری کا ماحول ‘ انتہائی متاثرہ طالبات کی آئی سی یو میں منتقلی ‘ کلکٹر اور پولیس کمشنر کا دورہ
نظام آباد ۔ 24 ؍ نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شہر نظام آباد کے ناگارام میں واقع اقامتی گرلز ڈگری کالج میں سمیت غذا کی وجہ سے 67 طالبات قئے اور دست سے شدید متاثر ہوگئے ۔ انہیں فوری سرکاری دواخانہ میں شریک کروایا ۔ سوشیل ویلفیر اقامتی ڈگری کالج کے ہاسٹل کی طالبات کل رات سوشیل ویلفیر محکمہ کے سکریٹری ڈاکٹر پروین کمار کی سالگرہ کے موقع پر ہاسٹل میں تقریب منائی گئی جس میں کیک کاٹنے کے علاوہ کھیر پکائی گئی اور دیگر پکوان بھی کیا گیا ۔ طالبات اس کھانے کو کھانے کے بعد رات دو بجے سے درد شکم ‘ قئے اور دست میں مبتلاء ہوگئے ۔ انہیں فوری نظام آباد سرکاری دواخانہ منتقل کیا گیا ۔ طالبات انتہائی متاثر تھے ۔ اور دواخانہ میں چیخ و پکار کی وجہ سے افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا ۔ ڈاکٹروں نے فوری علاج کرتے ہوئے شدید متاثرہ کو آئی سی یو منتقل کیا۔ اطلاع ملتے ہی ضلع کلکٹر رام موہن راو ‘ کمشنر پولیس کارنکیا نے دواخانہ پہنچ کر طالبات سے تفصیلات حاصل کی ۔ ضلع کلکٹر اس واقعہ کی تحقیقات کرتے ہوئے رپورٹ پیش کرنے کی متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ بتایا جاتا ہے کہ متاثرہ طالبات کی حالت مستحکم ہے ۔