نظام آباد میں مسلم طالبہ کو ضلع سطح پر پہلا مقام

   

نظام آباد :15 ؍ مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نالج پارک انٹرنیشنل اسکول نظام آبادنے اپنے سی بی ایس ای جماعت دہم کے سال 2024ء نتائج میں پھر ایک مرتبہ شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے 99فیصد کامیابی درج کروائی ہے۔ جبکہ 500 کے منجملہ 487نشانات حاصل کرتے ہوئے ذہین طالبہ مدیحہ شہواربنت محمدعنایت علی افروز نے ضلع کی سطح پر پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ امسال174طلباء و طالبات نے امتحان میں شرکت کی اور 171طلباء و طالبات نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنے والدین اور اسکول کانام روشن کیا۔ نالج پارک روز اول سے ہی اس بات کیلئے کوشاں ہے کہ وہ طلباء کوتعلیم کے ساتھ ساتھ ان کے اخلاق و کردار کو سنوارتے ہوئے ان کی ہمہ جہت تربیت کے فرائض انجام دیتا آرہاہے۔ نالج پارک سے تعلیم حاصل کرنے والے طلباء و طالبات تعلیم کے ساتھ ساتھ دیگر شعبہ جات مثلاً اسپورٹس، این سی سی ،کلچرل سرگرمیوں میں اور مختلف مقابلہ جات میں نمایاں مقامات حاصل کررہے ہیں۔امسال بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں طوبیٰ حسین نے 500 کے منجملہ 454 نشانات، مائرہ عائطال نے 452 نشانات، لہیبہ فاطمہ عظیم نے461 نشانات، عائشہ بتول نے 442 نشانات ،حیبہ انشرح نے439 نشانات،حفصہ منیز نے448 نشانات ، عائشہ عالم نے 446نشانات ، محمد عبدالحنان خان نے 437 نشانات حاصل کئے ۔ اس کے علاوہ بیشتر طلبہ نے شاندار نشانات حاصل کرتے ہوئے نمایاں کامیابی حاصل کی۔ سید ایوب علی چیرمین ، سید مجیب علی ڈائرکٹر، ڈاکٹر سیدعرفان پرنسپل ، ڈاکٹر اعجاز محی الدین وائس پرنسپل ،انچارجس عرشیہ سروش، نسرین سلطانہ واسٹاف نے طلباء و طالبات وسرپرستین کومبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ یہ سب اللہ کے فضل وکرم طلباء کی محنت والدین کا اعتماد اور تعاون اور ساتھ ہی ساتھ اسٹاف کی انتھک جدوجہد کا نتیجہ ہے جو آج ہمارے سامنے ہے اور اس بات کی امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی مزید بہتر منصوبہ بندی اور لائحہ عمل کے ذریعہ بہتر سے بہتر کوشش کی جائے گی تاکہ ہمارے طلباء و طالبات ترقی کی راہ پرگامزن ہوتے ہوئے اپنی دنیا اور آخرت کو سنوارسکیں۔