نظام آباد میں نعتیہ محفل کا انعقاد

   

نظام آباد :ماہ ربیع الاول کی آمد پر عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی جانب سے نعتیہ محفل و مشاعروں کا انعقاد عمل میں لایا جاتا ہے اور یہ سلسلہ ربیع الاول اور اس کے بعد بھی برقرار رہتا ہے ۔ چنانچہ ضلع نظام آباد کے مشہور و نعت خواں حافظ محمد تراب الدین کے مکان پر خادم ملت مرزا افضل بیگ تیجان معتمد سینئر سٹیزن کی زیر صدارت محفل نعت کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں نظام آباد کے معروف نعت خواں حضرات نے نعت پاک پیش کرتے ہوئے خوب داد و تحسن حاصل کی ۔ اس محفل کا آغاز حافظ و قاری محمد تراب الدین کی قرأت، حافظ عبدالاحد امام و خطیب مسجد خلیل کی حمد سے ہوا ۔ اس کے بعد حافظ محمد سراج الدین ، ملک مظہر اللہ انجینئر ، مفتی عبدالماجد قاسمی امام و خطیب مسجد عابد ، محمد عبدالواجد لکچررمضحم جاہ کالج حیدرآباد ، محمد خواجہ ، حافظ عبدالاحد ، میزبان حافظ محمد تراب الدین ، مولانا سلیم الدین اشاعتی ، محمد خالد انجینئر نے مدح سرائی کرتے ہوئے مجلس کو بارونق بنادیا ۔ فخر نظام آباد کہنہ مشق شاعر مولانا عبدالقدیر حسامی تمیم نظام آباد امام و خطیب مسجد عبداللہ نے نعتیہ کلام پیش کرتے ہوئے خوب داد و تحسن حاصل کی ۔ مولانا عبدالقیوم شاکر امام و خطیب مسجد اسلامیہ کی نظامت نے اس محفل میں اور جان ڈالی آخر میں صدر مجلس مرزا افضل بیگ تیجان معتمد سینئر سٹیزن کے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھ خاکسار کواس متبرک محفل کی صدارت دے کر میزبان نے احساس کردیا کیونکہ آقاء صلی اللہ علیہ وسلم کی نسبت پر ہونے والی مجلس کی نگرانی ایک سچا عاشق ہی کرسکتا ہے دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ مجھے بھی ایک سچا عاشق رسول بنائے ۔ آخر میں مولانا فہیم الدین قاسمی کی رقت انگیز دعا اور میزبان کے شکریہ پر محفل کا اختتام عمل میں آیا۔