نظام آباد میں کوویڈ ویکسن کی قلت

   

اسٹاک ختم ہونے کی وجہ دو دن سے ٹیکہ اندازی روک دی گئی

نظام آباد ۔ ضلع نظام آباد میں کوویڈ ویکسین کی قلت کے باعث گذشتہ دو دنوں سے ٹیکہ اندازی روک دی گئی ۔ گذشتہ دو ماہ سے ضلع میں ٹیکہ اندازی کا سلسلہ جاری ہے اور ہر دن ضلع میں 10 ہزار افراد کی ٹیکہ اندازی کی جارہی ہے ۔ہر شخص کووی شیلڈ کا ٹیکہ لینے کیلئے آگے آرہے ہیں اور پرائمری ہیلت سنٹر کیلئے جو نشانہ مقرر کیا گیا تھا اس سے بھی زیادہ ٹیکہ اندازی کی جارہی ہے ضلع میں اب تک 7 لاکھ 91 ہزار 894 افراد کی ٹیکہ اندازی کی گئی ہے اور کل بھی 28 ہزار افراد کی ضلع بھر میں ٹیکہ اندازی کی گئی ہے ضلع میں اب تک 45 سال عمر کے افراد میں دو لاکھ 45 ہزار 235 افراد کی ٹیکہ اندازی گئی اور 60 سال عمر سے زیادہ افراد میں 1لاکھ 21 ہزار 893 افراد کی ٹیکہ اندازی کی گئی ۔ سوپر اسپائیڈرس کے تحت 3لاکھ 82 ہزار 867 افراد کی ٹیکہ اندازی کی گئی ۔ پرائمری ہیلت سنٹر کے علاوہ خانگی دواخانوں میں بھی ٹیکہ اندازی کی جارہی ہے ۔ ضلع میں 63 مراکزپر ٹیکہ اندازی کی جارہی ہے ہر دو دن میں یا 3 دن میں 35 ہزار سے زائد ٹیکہ حکومت کی جانب سے سربراہ کئے جارہے تھے کل شام سے اسٹاک ختم ہوجانے پر تمام مراکز میں ٹیکہ اندازی کو روک دیا گیا ۔ ویکسین کے ضرورت کے مطابق حاصل کرنے کیلئے ضلع انتظامیہ کی جانب سے اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس کے علاوہ 30 ہزار سیرنجن بھی اسٹاک دستیاب رکھا گیا ہے ویکسین کے ذمہ دار ڈاکٹر شیو شنکر نے بتایا کہ ایک دو دن میں اسٹاک آنے کے امکانات ہیں اور اسٹاک کے آتے ہی ٹیکہ اندازی شروع کردی جائے گی ۔