ہزاروں کارکنوں کی شرکت، جمعرات کو پرچہ نامزدگی کا ادخال
حیدرآباد ۔7۔نومبر (سیاست نیوز) نظام آباد اربن اسمبلی حلقہ سے کانگریس امیدوار کے طور پر اعلان کے بعد سابق وزیر محمد علی شبیر آج پہلی مرتبہ نظام آباد پہنچے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ محمد علی شبیر نے اسمبلی حلقہ کے علاقوں میں بائیک ریالی منظم کی جس کے تحت اسمبلی حلقہ کے بیشتر علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے رائے دہندوں سے ملاقات کی گئی۔ نظام آباد ٹاؤن کانگریس کے قائدین کے علاوہ مہیش کمار گوڑ ، طاہر بن حمدان اور دیگر قائدین ریالی میں شریک تھے اور کھلی جیپ میں محمد علی شبیر کے ساتھ رائے دہندوں سے ملاقات کی ۔ کرین کے ذریعہ محمد علی شبیر کی گلپوشی کی گئی۔ ریالی میں سینکڑوں موٹر سیکلیں اور کار موجود تھے اور ٹاؤن میں جشن کا ماحول تھا۔ جگہ جگہ کانگریس کارکنوں نے آتشبازی کرتے ہوئے محمد علی شبیر کی امیدواری کا خیر مقدم کیا۔ مختلف طبقات کی جانب سے محمد علی شبیر کا استقبال کیا گیا ۔ نظام آباد کے اقلیتی قائدین اور مختلف مذہبی تنظیموں کے نمائندوں نے بھی محمد علی شبیر سے ملاقات کرتے ہوئے تائید کا یقین دلایا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ پارٹی ہائی کمان نے انہیں دوبارہ نظام آباد کے عوام کی خدمت کا موقع دیا ہے۔ سابق میں وہ ضلع کے انچارج وزیر کی حیثیت سے کئی ترقیاتی کاموں کا آغاز کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام طبقات بالخصوص طلبہ اور نوجوانوں کی تائید سے غیر معمولی اکثریت سے کامیابی کا یقین ہے۔ محمد علی شبیر 9 نومبر کو پرچہ نامزدگی داخل کریں گے ۔ وہ کاما ریڈی سے ریونت ریڈی کے پرچہ نامزدگی کے ادخال کے وقت موجود رہیں گے۔