نظام آباد کے تمام تالاب حالیہ بارش سے لبریز

   

نظام آباد ۔ضلع نظام آباد میں ہلکی اور تیز رفتار بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ بارش کی وجہ سے عام زندگی مفلوج ہوکر رہ رگئی ہے اور ضلع کے تمام آبپاشی تالاب لبریز ہوکر بہہ رہے ہیں اور نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہورہا ہے جس کی وجہ سے بلدی حکام کو چوکس کردیا گیا ہے ۔ امسال کی یہ پہلی بارش ہے ۔ گذشتہ دودنوں سے جاری بارش کے باعث 32 بوسیدہ مکان منہدم ہوگئے ہیں لیکن ابھی تک کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا ۔ ضلع کے وزیر مسٹر پرشانت ریڈی نے کل عہدیداروں کے ساتھ سیل کانفرنس سے کہا کہ وہ متحرک ہوجائے ۔ ضلع میں 314 تالاب لبریز ہوکر بہہ رہے ہیں جبکہ 236 تالاب پانی سے بھر چکے ہیں ۔ سری رام ساگر پراجیکٹ میں بھی بڑے پیمانے پر پانی داخل ہورہا ہے ۔ کمر پلی منڈل کے علاقہ میں تمام تالاب لبریز ہوچکے ہیں ۔ شہر نظام آباد کے نشیبی علاقہ احمد پورہ کالونی ، مالاپلی ، ہاشمی کالونی ، مجاہد نگر ، آٹو نگر ، اسلام پورہ ، کھوجہ کالونی ، حبیب نگر کے علاقوں میں موجود مکانات میں بارش کا پانی داخل ہوگیا اور میونسپل کمشنر مسٹر جتیش وی پاٹل نے عہدیداروں کو ہدایت دیتے ہوئے نشیبی علاقہ پر نظر رکھتے ہوئے چوکسی برتنے کی ہدایت دی اور بوسیدہ مکانات کو فوری طور پر خالی کردینے کی ہدایت دی ۔ میونسپل کے عہدیدار نشیبی علاقہ پر نظر رکھتے ہوئے احتیاطی اقدامات کو انجام دے رہے ہیں ۔ میونسپل کمشنر مسٹر جتیش وی پاٹل نے بتایا کہ بارش کے سلسلہ کو دیکھتے ہوئے میونسپل کارپوریشن میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے اور یہ کنٹرول روم 24 گھنٹے کا م کریگا۔ جس کسی کو مسائل پیش آنے کی صورت میں 08462-221001 پر فون کرتے ہوئے اطلاع دے سکتے ہیں ۔