نظام الدین مرکز پر فرقہ وارانہ سیاست نہ کی جائے : ممتابنرجی

,

   

کولکتہ ۔ 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے ان لوگوں پر برہمی ظاہر کی جو نئی دہلی کے مرکز نظام الدین میں تبلیغی جماعت پر فرقہ وارانہ سیاست کررہے ہیں۔ انہوں نے ان لوگوں سے کہا کہ وہ اس قومی بحران کی گھڑی میں فرقہ پرستی کو ہوا نہ دیں۔ پریس کانفرنس کے دوران جب ان سے تبلیغی اجتماع کے بارے میں پوچھا گیا تو ممتابنرجی نے برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس طرح کے فرقہ وارانہ سوالات مت کیجئے۔ مغربی بنگال سکریٹریٹ میں منعقدہ اس پریس کانفرنس کا لنک ممتابنرجی کے سرکاری فیس بک پر پوسٹ کیا گیا ہے۔ ہم دیکھ رہے ہیں کہ بعض لوگ نظام الدین کے اجتماع پر فرقہ وارانہ سیاست میں ملوث ہیں یہ سراسر ناقابل قبول بات ہے۔ کوئی بھی وباء یا مرض مذہب یا ذات کی بنیاد پر حملہ نہیں کرتا۔ میں ہر ایک سے یہی کہتی ہوں کہ اس بحران کو فرقہ وارانہ رنگ مت دیجئے۔ انہوں نے سوال کیا کہ آخر مرکزی حکومت نے اس اجتماع کو کیوں نہیں روکا۔ اب اس پر کئی سوال کھڑے کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے زائد از 200 افراد نے اجتماع میں شرکت کی تھی۔ ہم ان تمام افراد پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور جن لوگوں کا ٹسٹ پازیٹیو پایا گیا ان کا علاج کیا جارہا ہے۔