نظام آباد کے سابق میئر ڈی سنجئے اور محبوب نگر کے بی جے پی صدر راج شیکھر کی کانگریس میں شمولیت

   

Ferty9 Clinic

ریونت ریڈی سے ملاقات، نئی دہلی میں عنقریب باقاعدہ شمولیت اختیار کریں گے
حیدرآباد: 13 جولائی (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے نظام آباد کے سابق میئر ڈی سنجئے کے علاوہ محبوب نگر ضلع کے بی جے پی صدر اور سابق رکن اسمبلی اے راج شیکھر نے دیگر بی جے پی قائدین کے ساتھ کانگریس میں شمولیت کا اعلان کیا۔ سابق میئر ڈی سنجئے، ایراشیکھر، بھوپال ریڈی اور دیگر قائدین نے آج صبح ریونت ریڈی کی قیام گاہ پہنچ کر ملاقات کی اور کانگریس میں شمولیت کا ارادہ ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد دونوں اضلاع میں جلسہ عام منعقد کرتے ہوئے پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے۔ نظام آباد کے سابق میئر کے ہمراہ کانگریس کے سینئر لیڈر محمد علی شبیر موجود تھے۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈی سنجئے نے کہا کہ تلنگانہ میں ریونت ریڈی کی قیادت میں کانگریس پارٹی مستحکم ہوئی ہے۔ انہوں نے عوامی خدمت کے جذبے کے تحت کانگریس میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ اپنے والد ڈی سرینواس کے ساتھ انہوں نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔ سنجئے نے ریونت ریڈی کو پارٹی کی قیادت سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ بعض ناگزیر وجوہات کے سبب انہوں نے کانگریس سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔ اپنے والد کی مدد کے لیے میں نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس سیاسی جماعت سے زیادہ خاندانی جماعت میں تبدیل ہوچکی ہے۔ ضلع قائدین کو کوئی اہمیت حاصل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی کی قیادت کو مستحکم کرنے کے لیے وہ کانگریس میں شامل ہورہے ہیں۔ عنقریب نئی دہلی کا دورہ کرتے ہوئے ہائی کمان کی موجودگی میں شمولیت اختیار کریں گے۔ سابق رکن اسمبلی اور محبوب نگر ضلع بی جے پی کے صدر ایرا شیکھر نے بی جے پی کی رکنیت اور ضلع کی صدارت سے استعفیٰ کا اعلان کیا۔ ان کے ہمراہ تلگودیشم کے لیڈر جی ستیہ نارائنا موجود تھے۔ ریونت ریڈی نے ان قائدین کا کانگریس پارٹی میں استقبال کیا۔