ہاسٹل الاٹ نہ کرنے پر برہمی ، مسئلہ کی فوری یکسوئی کا مطالبہ
حیدرآباد۔13۔اگسٹ(سیاست نیوز) نظام کالج میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء نے آج پرنسپل کالج کے دفتر کے روبرو احتجاج کرتے ہوئے انہیں رہائش فراہم نہ کئے جانے پر شدید احتجاج کیا ۔ نظام کالج میں داخلہ حاصل کرنے والے طلباء جو ہاسٹل میں قیام کے اہل ہیں انہیں تعلیمی سال کے آغاز کے باوجود ہاسٹل الاٹ نہ کئے جانے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پرنسپل کے دفترم میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے لیکن کالج انتظامیہ نے پولیس طلب کرتے ہوئے احتجاجی طلبہ کو پرنسپل کے کمرے میں داخل ہونے سے روک دیا۔بتایاجاتاہے کہ نظام کالج طلباء جو ہاسٹل کی سہولت کے ساتھ داخلہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں انہیں تاحال ہاسٹل فراہم نہ کئے جانے کے سے شدید ناراض ہیں ۔ طلبہ کی مختلف تنظیموں کے نمائندو ں نے بھی اس سلسلہ میں محکمہ اعلیٰ تعلیم کے عہدیداروں اور کالج انتظامیہ کے ہمراہ ملاقات کرتے ہوئے مسئلہ کی فوری طور پر یکسوئی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا تھا لیکن اس کے باوجود طلباء کے مسئلہ کو حل نہ کئے جانے پر برہم طلباء نے احتجاج منظم کرتے ہوئے کالج انتظامیہ اور حکومت کے محکمہ تعلیم کے خلاف نعرے لگائے ۔کالج انتظامیہ کے مطابق ہاسٹل کی سہولت کے لئے زائد از 1000 درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور انتظامیہ ان درخواستوں کی جانچ کر رہا ہے تاکہ ان درخواستوں میں مستحق طلبہ کو ہاسٹل کی فراہمی کے اقدامات کئے جاسکیں۔3