ہاسٹل میں قیام کی سہولت‘ احتجاج کے بعد حکومت کا فیصلہ
حیدرآباد ۔11 ۔ نومبر (سیاست نیوز) حکومت نے نظام کالج کے احتجاجی طلبہ کے دیرینہ مطالبہ کی یکسوئی کرکے ہاسٹل میں انڈر گریجویٹ طالبات کو 50 فیصد گنجائش فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نظام کالج کے طلبہ انڈر گریجویٹ طالبات کو ہاسٹل سہولت فراہم کرنے کیلئے گزشتہ ایک ہفتہ سے احتجاج کر رہے تھے ۔ وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ نے وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی کو معاملہ کی یکسوئی کی ہدایت دی۔ وزیر تعلیم نے اس پر اعلیٰ عہدیداروں سے مشاورت کی۔ کمشنر کالجیٹ ایجوکیشن نے نظام کالج اور عثمانیہ یونیورسٹی حکام کو ہدایت دی کہ انڈر گریجویٹ طالبات کیلئے ہاسٹل میں 50 فیصد گنجائش فراہم کی جائے جبکہ پوسٹ گریجویٹ طالبات کیلئے 50 فیصد گنجائش رہے۔ نو تعمیر شدہ ہاسٹل کی عمارت میں قیام کی سہولت دی جائیگی ۔ کمشنر کالجیٹ ایجوکیشن نوین متل نے پرنسپل نظام کالج کو ضروری اقدامات کی ہدایت دی ہے ۔ حکومت کے فیصلہ کے بعد نظام کالج کے طلبہ نے احتجاج سے دستبرداری اختیار کرلی۔ نظام کالج کے 200 سے زائد طالبات کی گنجائش کے ساتھ ہاسٹل کی نئی عمارت تعمیر کی گئی ہے۔ ر