نظام کالج کے احتجاجی طلبہ کا مطالبہ قبول

   

نو تعمیر شدہ ہاسٹل انڈر گریجویٹ طالبات کو الاٹ کرنے وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی کا اعلان
حیدرآباد۔/15 نومبر، ( سیاست نیوز) انڈر گریجویٹ طلبہ کیلئے ہاسٹل کی سہولت کا مطالبہ کرتے ہوئے نظام کالج طلبہ کے مسلسل احتجاج کے دوران وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے تیقن دیا کہ نظام کالج میں تعمیر کیا گیا نیا ہاسٹل مکمل طور پر انڈر گریجویٹ طلبہ کیلئے الاٹ کیا جائے گا۔ سبیتا اندرا ریڈی نے آج عثمانیہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر رویندر یادو، نظام کالج کے پرنسپل کے علاوہ احتجاجی طلباء کے نمائندوں سے بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے نظام کالج طلبہ کے مسائل کی انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر یکسوئی کا مشورہ دیا جس کے تحت انہوں نے یہ اجلاس طلب کیا۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پہلے سے طئے شدہ گائیڈ لائنس کے مطابق ہاسٹل کی سہولت فراہم کریں۔ انہوں نے طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ ہاسٹل کی سہولت کیلئے درخواستیں پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ نظام کالج کی تاریخ میں پہلی مرتبہ انڈر گریجویٹ طالبات کو ہاسٹل کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے نظام کالج کے پرنسپل کو ہدایت دی کہ وہ ہاسٹل میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ر