نظام کے فنڈس پر تقریباً 120 وارثوں کا دعویٰ

   

حیدرآباد 3 اکٹوبر (سیاست نیوز) آصف سابع نواب میر عثمان علی خاں کی تقریباً 35 ملین پونڈس (305 کروڑ روپئے) کے تعلق سے برطانوی عدالت کے ہندوستان کے حق میں فیصلہ کے ایک دن بعد اِس دولت کو حاصل کرنے والے دعویداروں کی قطار لگ گئی ہے۔ حضور نظام میر عثمان علی خاں کے پوتروں میں سے ایک پوترے نے آج کہاکہ اِس رقم کو تقریباً 120 وارثوں میں تقسیم کیا جانا چاہئے۔ نواب نجف علی خان صدر نظام فیملی ویلفیر اسوسی ایشن نے کہاکہ نظام خاندان کے تقریباً 120 ارکان اپنے حق کے لئے آگے آئیں گے۔ اِس رقم میں اِن تمام کا حصہ ہے۔ فنڈس کی تقسیم کا فیصلہ تمام وارثوں میں غور و خوض کے بعد کیا جائے گا۔ اِن تمام وارثوں نے مجھے اپنا نمائندہ بنایا ہے۔ برطانوی ہائیکورٹ نے چہارشنبہ کے دن ہندوستان کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے اس فنڈ پر پاکستان کے دعوے کو مسترد کردیا تھا۔ 70 سال طویل قانونی تنازعہ کو حل کرنے کے بعد اب حضور نظام کے وارثوں کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔ حضور نظام کے وارثوں میں پرنس مکرم جاہ اور اُن کے چھوٹے بھائی مفخم جاہ ہیں۔ دونوں نے حکومت ہند کو حضور نظام کے فنڈس کے حصول کے لئے پاکستان کے خلاف قانونی لڑائی کا مجاز قرار دیا تھا۔ نواب نجف علی خان نے مزید بتایا کہ اِن کے ارکان خاندان جن میں پرنس اور اُن کے چھوٹے بھائی بھی ہوں گے مل بیٹھ کر رقم کی تقسیم کا مسئلہ حل کریں گے۔ اگر مفخم جاہ اور مکرم جاہ اِس مسئلہ پر متفق نہیں ہوتے ہیں تو وہ عدالت سے رجوع ہوں گے۔