نظر کا چشمہ اور آئیز میک اپ

   

اگر آپ کا شمار ان خواتین میں ہوتا ہے جو چشمے کے بغیر ایک منٹ کیلئے بھی نہیں رہ سکتیں اور آپ لینز بھی نہیں استعمال کرتیں اور آپ کسی تقریب میں جانے کیلئے میک اپ کرنے سے اس لئے گریزاں ہیں کہ آنکھوں پر چشمہ ہونے کی بدولت میک اپ کون سا دکھائی دے گا تو آپ کا یہ خیال بالکل غلط ہے۔اس مضمون میں ہم چشمہ لگانے والی اور میک اپ کی دلدادہ خواتین کیلئے کچھ مفید معلومات دے رہے ہیں جو یقینا آپ کیلئے بھی فائدہ مند ہوں گی۔ کیونکہ پھر چشمہ لگانے کے باوجود آپ پْراعتماد بھی ہوں گی اور آپ کا میک اپ بھی واضح دکھائی دے گا۔اگر آپ نے صرف سیاہ رنگ فریم کا چشمہ لگا رکھا ہے تو آپ کو چاہئے کہ خوبصورت رنگوں سے آراستہ لباس زیب تن کریں اور خوبصورت میک اپ کریں۔ اس سے آپ کے چہرے اور آنکھوں کا تاثر ایک دم سافٹ نظر آئے گا۔ اگر آپ ایسا چشمہ استعمال کریں جو آپ کی بڑی آنکھوں کو چھوٹا ہونے کا تاثر دے تو آپ کو ڈرامائی انداز کا میک اپ اپلائی کرنے کی ضرورت ہے۔ آپ کو آنکھوں کے گرد آؤٹ لائن بنا لینی چاہئے تاکہ عینک لگانے کے بعد آنکھیں نمایاں نظر آئیں۔آئی میک اپ کرتے وقت آنکھوں کا میک اپ بہت اچھی طرح بلینڈ کریں تاکہ آپ کی لک نیچرل دکھائی دے۔اگر آپ اس قسم کی عینک استعمال کرتی ہیں جس سے آپ کی چھوٹی آنکھیں بڑی اور نمایاں دکھائی دیں۔تو پھر آپ کو نہایت احتیاط سے میک اپ کرنے کی ضرورت ہے۔آپ مسکارا استعمال کریں لیکن اس کیلئے کلر استعمال نہ کریں۔ آپ میک اپ کیلئے نیچرل رنگ لگائیں۔لیکن شمر رنگ لگانے سے پرہیز کریں۔سب سے اہم یہ کہ آپ کی مسکراہٹ آپ کو خوبصورت دکھائی دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ عام طور پر عینک لگانے والی خواتین آدھا اور ادھورا میک اپ کرتی ہیں۔بینائی کیلئے عینک لگانا بہت سوں کی مجبوری ہو سکتی ہے۔ایسی نوجوان لڑکیوں کو رحم بھری نظروں سے دیکھا جاتا ہے اور لوگ مذاق کا نشانہ بھی بناتے ہیں لیکن وقت کے ساتھ ساتھ بہت کچھ بدلتا ہے جن مفروضوں کی کوئی حقیقت نہیں ہوتی لوگ ان پر تبصرہ کرنا بھی پسند نہیں کرتے۔ زندگی پل پل بدل رہی ہے۔فیشن کے رجحان بھی بدلتے جا رہے ہیں۔کبھی نظر کی عینک کو بدنمائی سے تعبیر کیا جاتا تھا اور لڑکیاں کہتی تھیں ’’آئی لائنر لگائیں یا مسکارا اور شیڈو کوئی فرق نہیں پڑتا،کچھ دکھتا ہی نہیں‘‘۔چہرے کی ساخت پر توجہ کی ضرورت!چشمے کے فریم کا انتخاب ایسا ہو کہ آپ کی بھنویں نہ ڈھکی رہیں۔بھنویں خوبصورتی کے ساتھ تراشی ہوئی اور سنوری ہوئی ہوں۔ اگر آپ کا خیال ہے کہ عینک لگانے سے آنکھوں کے گرد حلقے نمایاں طور پر نظر نہیں آئیں گے اس لئے میک اپ کی بھی ضرورت نہیں تو آپ غلطی پر ہیں۔آپ کی عینک کے شیشے حلقوں اور شکنوں کو اور واضح کر سکتے ہیں۔ناک پر آئی شیڈو پرائمر ضرور لگائیں تاکہ آپ کی عینک ناک سے بار بار نہ پھسلے۔اس بات کا خیال رکھیں کہ آپ کے آئی شیڈو کا رنگ آپ کے چشمے کے فریم سے بالکل الگ نہ دکھائی دے۔اس کے بجائے فریم سے قدرے ملتا جلتا رنگ استعمال کریں۔کلرڈ فریم کب اچھے لگتے ہیں؟صرف اسی وقت جب انہیں میک اپ کے ساتھ ہم آہنگ یا میچ کیا جائے،لہٰذا بیس کے طور پر اپنے چشمے کے کلر سے ایک شیڈ ہلکا آئی شیڈو لگائیں اور اس کے بعد قدرے ڈارک شیڈ لگائیں۔آخر میں بلیک لائنر یا مسکارا لگائیں۔یہ بھی دیکھنے میں آیا ہے کہ کچھ خواتین نظر کمزور نہ ہونے کے باوجود صرف خوبصورت دکھنے کیلئے سادہ شیشوں کی عینک لگالیتی ہیں تاہم اُس کیلئے کبھی ایسے شیشوں کا انتخاب ضروری ہے جو آپ کی بینائی پر اثر انداز نہ ہو ۔ جیسا کہ حیدرآبادی بول چال میں کہا جاتاہے Show Putup تو اس بات کا خیال رکھیں کہ صرف خوبصورت دکھنے کیلئے بھی آپ کا چشمہ اگر آپ کے آئیز میک اپ سے میل کھاتا ہے تو یہ آپ کی خوبصورتی میں اضافہ کردے گا ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہے کہ وقت کے ساتھ فریم کے فیشن بھی بدلتے رہتے ہیں ۔ آپ کو چاہئے کہ ایسے فریم کا انتخاب کریں جو جدید فیشن کا ہو ۔ میک اپ اور چشمہ ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزم ہیں لیکن ہمیشہ ان کہاوتوں پر عمل پیرا رہنا چاہئے اور وہ یہ ہے ’’ سانپ بھی مر جائے اور لاٹھی بھی نہ ٹوٹے ‘‘ یا پھر زند کے رند رہے ہاتھ سے جنت نہ گئی اور اس کے علاوہ آم کے آم گٹھلیوں کے دام ، بس خیال رکھیں کہ آپ کے نظر کا چشمہ اور آئیز میک اپ کو کسی کی نظر نہ لگے ۔