محکمہ جات کی کارکردگی کا جائزہ، سوشل میڈیا پر مخالف مہم پر برہمی، واپسی کے بعد سیاسی اور نظم و نسق کی سطح پر اہم فیصلوں کا امکان
حیدرآباد 9 اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی امریکہ سے نظم و نسق پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور وہ روزانہ ریاستی وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے محکمہ جات کی کارکردگی کا جائزہ لے رہے ہیں۔ چیف منسٹر کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد ریونت ریڈی کا یہ دوسرا بیرونی دورہ ہے۔ امریکہ اور جنوبی کوریا میں سرکردہ کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینے کے لئے اعلیٰ سطحی وفد کے ساتھ دورہ پر ہیں۔ وفد میں وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سریدھر بابو، چیف سکریٹری شانتی کماری، پرنسپل سکریٹری آئی ٹی جیش رنجن اور اسپیشل چیف سکریٹری فینانس رام کرشنا راؤ شامل ہیں۔ وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی بھی امریکہ روانہ ہوئے جہاں وہ چیف منسٹر کے دورہ میں شامل ہوں گے۔ گزشتہ دنوں بی آر ایس کے تائیدی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر حکومت میں بحران اور چیف منسٹر کی دورہ سے جلد واپسی سے متعلق خبروں نے کانگریس پارٹی اور حکومت کے حلقوں میں بے چینی پیدا کردی ہے۔ اِس بارے میں ریونت ریڈی کو اطلاع ملنے پر اُنھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر گمراہ کن خبریں اپ ڈیٹ کرنے والوں کا پتہ چلانے کی پولیس کو ہدایت دی ہے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ حکومت میں اُلجھن پیدا کرنے کے لئے جان بوجھ کر یہ خبر پھیلائی جارہی ہے کہ ریونت ریڈی مقررہ دورہ کو درمیان میں منسوخ کرتے ہوئے وطن واپس ہوجائیں گے۔ بعض ریاستی وزراء کی جانب سے ناراض سرگرمیوں کا حوالہ دیا گیا۔ چیف منسٹر نے پولیس کو ہدایت دی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر گہری نظر رکھیں۔ پارٹی کے سوشل میڈیا ونگ کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپوزیشن کی مہم کا منہ توڑ جواب دیں۔ واضح رہے کہ ریونت ریڈی دونوں ممالک کے دورہ کے بعد 14 اگست کی صبح حیدرآباد واپس ہوں گے اور 15 اگست کو یوم آزادی تقاریب میں حصہ لیتے ہوئے گولکنڈہ قلعہ پر قومی پرچم لہرائیں گے۔ اِسی دوران باوثوق ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر نے ریاستی وزراء کو پابند کیا ہے کہ وہ اپنے اپنے محکمہ جات پر گہری نظر رکھیں اور روزانہ کم از کم 2 محکمہ جات کے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے اسکیمات پر مؤثر عمل آوری کو یقینی بنائیں۔ چیف منسٹر نے وزراء سے کہاکہ وہ اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے ضلع کلکٹرس کی کارکردگی کا جائزہ لیں۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر کے غیاب میں سرکاری عہدیداروں کی کارکردگی سے متعلق رپورٹ تیار کی جارہی ہے اور امریکہ سے واپسی کے بعد عہدیداروں کے بڑے پیمانے پر تبادلے عمل میں آسکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر بیرونی دورہ کے موقع پر کم از کم دو مرتبہ تلنگانہ کے حالات پر رپورٹ حاصل کررہے ہیں۔ چیف سکریٹری شانتی کماری بھی روزانہ ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ اعلیٰ عہدیداروں سے ربط میں ہیں۔ بتایا گیا کہ اُنھوں نے تاریخی گولکنڈہ قلعہ میں 15 اگست کے انتظامات کا جائزہ لیا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔ چیف منسٹر کی بیرونی دورہ سے واپسی کے بعد تلنگانہ میں سیاسی اور نظم و نسق کی سطح پر اہم فیصلوں کا امکان ہے۔ 1