حیدرآباد : مرکزی مملکتی وزیرداخلہ جی کشن ریڈی نے کے سی آر خاندان پر نعشوں کی سیاست کرنے کا الزام عائد کیا اور مرکز کی جانب سے ریاست تلنگانہ کو نظرانداز کرنے کی تردید کی۔ کورونا سے لوگ مر رہے ہیں مگر کے سی آر کا خاندان چلر سیاست کررہا ہے۔ مرکز پر تلنگانہ سے ناانصافی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت تلنگانہ سے مکمل تعاون کررہی ہے۔ مرکز پر جو الزامات عائد کئے گئے ہیں وہ مضحکہ خیز ہیں۔ کشن ریڈی نے کہا کہ ورنگل اور کریم نگر میں آکسیجن تیار کرنے کے مراکز تیار کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین کی قیمت کا تعین مرکزی حکومت نہیں کرتی بلکہ ویکسین تیار کرنے والی کمپنیاں کرتی ہیں۔ کرناٹک اور اڈیشہ سے ریاست تلنگانہ کو 360 میٹرک ٹن آکسیجن سربراہ کیا جارہا ہے۔ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ اپنے اپنے ریاستوں کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد مقامی حکومتیں ہی اس کا فیصلہ کریں گی۔ مرکزی مملکتی وزیرداخلہ نے کہا کہ ملک میں پائی جانے والی آکسیجن کی قلت کو دور کرنے کیلئے مرکزی حکومت 24 گھنٹے تین شفٹوں میں آکسیجن پیدا کررہی ہے۔ ہوا کے ذریعہ بھی آکسیجن تیار کیا جارہا ہے۔
جی کشن ریڈی نے آج گاندھی ہاسپٹل کنگ کوٹھی ہاسپٹل کا دورہ کرتے ہوئے کورونا کا علاج، کورونا کی ٹسٹنگ اور ٹیکہ اندازی کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک نازک دور سے گذر رہا ہے اور چیف منسٹر کے سی آر کا خاندان سستی شہرت حاصل کرنے کیلئے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے اپنی ناکامیوں کی پردہ پوشی کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی ہاسپٹل میں آکسیجن کی پیداوار کیلئے دو یونٹس کا آئندہ ہفتہ قیام عمل میں لایا جائے گا۔