نفرت کی باتوں کو ختم کرنا تمام مذہبی رہنماؤں کیلئے چیالنج

,

   

دنیا کو درپیش کورونا وائرس وباء کے درمیان نفرت اور باہمی جھگڑے نقصاندہ : یو این سکریٹری جنرل
اقوام متحدہ ۔ /15 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل اینٹونیو گٹیرس نے تمام مذہبی رہنماؤں سے اپیل کی ہے کہ غیردرست اور مضرت رساں باتوں کے خلاف آواز بلند کریں کیونکہ اس طرح کا غیرضروری بے باکانہ اظہار خیال دنیا بھر میں مسائل پیدا کررہا ہے ۔ جبکہ عالمی وباء کورونا وائرس کا بحران پہلے ہی نہایت مشکل چیالنج ہے ۔ اقوام متحدہ کے سربراہ نے کووڈ۔19 کے چیالنجوں سے نمٹنے میں مذہبی قائدین کے رول پر منعقدہ ویڈیو میٹنگ میں متنبہ کیا کہ انتہاپسند اور کٹر گروپ موجودہ حالات کا استحصال کرنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے اپیل کی کہ انسانی حقوق اور انسانی وقار کی بنیاد پر یگانگت کے ماحول کو فروغ دیا جائے جس سے سماجی ربط مضبوط ہوگا ، باہمی احترام اور فہم و ادراک بڑھے گا ۔ اقوام متحدہ کے لیڈر نے کہا کہ مذہبی قائدین اپنی برادریوں میں کلیدی رول ادا کرسکتے ہیں اور ان کی سرگرم کوششیں مجموعی طور پر سماج کیلئے فائدہ مند ہوسکتی ہیں ۔ وہ تمام برادریوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے عدم تشدد کو بڑھاوا دے سکتے ہیں اور جنونی کیفیت ، نسل پرستی نیز عدم رواداری کی تمام شکلوں کی سرکوبی کرسکتے ہیں ۔ مراقش کے اقوام متحدہ سفیر عمر ہلالی کے زیراہتمام اجلاس کو کیتھولک ، یہودی اور مسلم مذہبی قائدین نے بھی مخاطب کیا ۔ ان کے علاوہ بین مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے میں سرگرم اقوام متحدہ کے دیگر عہدیداروں نے بھی اظہار خیال کیا ۔ خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد کو عالمی وبائی مسئلہ سے تعبیر کرتے ہوئے انٹونیو نے مذہبی قائدین سے اپیل کی کہ اس طرح کی ظالمانہ حرکتوں کی کھلے طور پر مذہب کریں اور سماج میں ایسے عناصر کے خلاف ٹھوس ماحول تیار کریں ۔ انہوں نے کووڈ۔19 کے تعلق سے کہا کہ دنیا بھر میں اس وباء کے خلاف غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکنا ضروری ہے ۔ کیونکہ خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوگا ۔