نفرت کے خاتمہ اور ملک کے اتحاد کیلئے بھارت جوڑو یاترا،شیخ عبداللہ سہیل کا بیان

   


حیدرآباد۔ /25اکٹوبر، ( سیاست نیوز) صدر نشین پردیش کانگریس کمیٹی میناریٹی ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ راہول گاندھی کی زیر قیادت بھارت جوڑو یاترا ملک کے موجودہ حالات کا مقابلہ کرنے میں اہم رول ادا کرے گی۔ تلنگانہ میں بھارت جوڑو یاترا کے استقبال کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ جنت نشان ملک ہندوستان صدیوں سے آپسی محبت اور ملنساری کا مرکز بنا رہا ہے۔ گذشتہ چند برسوں میں اقتدار کے لئے نفرت کی چنگاری بھڑکا کر ملک کو ترقی سے روک دیا گیا۔ انسانوں کے درمیان مذہب اور ذات پات کے نام پر تفریق پیدا کی گئی۔ مذہب اور ذات پات کے نام پر سماج کی تقسیم کا مقصد سیاسی فائدہ حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گنگا جمنی تہذیب کا علمبردار ملک ہندوستان نفرتوں کا گہوارہ بن چکا ہے۔ موجودہ حالات میں ایسی تحریک کی ضرورت تھی جو نفرت کو ختم کرسکے۔ ر
راہول گاندھی نے اس کٹھن مرحلہ کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ کنیا کماری سے کشمیر تک پدیاترا کا آغاز کیا گیا اور یاترا تلنگانہ میں کامیابی سے جاری ہے۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ یاترا کے دوران راہول گاندھی حساس موضوعات پر عوام کو باشعور بنانے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ ملک کی ایکتا اور سالمیت برقرار ہے۔ انہوں نے تلنگانہ عوام سے اپیل کی کہ وہ راہول گاندھی کی یاترا شاندار استقبال کریں۔ر