دو افراد گرفتار، نقلی اشیاء ضبط، ٹاسک فورس پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔/22 فبروری، ( سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس کی ٹیم نے نقلی اسپیرپارٹس کے ایک گودام کو بے نقاب کردیا۔ پولیس کمشنر ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم نے عنبرپیٹ کے علاقہ میں کارروائی کرتے ہوئے زندہ طلسمات روڈ پر واقع ایک گودام پر پولیس نے دھاوا کیا۔ پولیس نے بتایا کہ اس دوران 51 سالہ ابیندرا باہیرا ساکن قطبی گوڑہ اور 32 سالہ سسرا کمارباہیرا ساکن عیسیٰ میاں بازار کو گرفتار کرلیا جو ہری کرشنا آٹو موبائیل اور اسپیر پارٹس کا کاروبار کرتے ہیں۔ یہ لوگ ایک شخص راجوسے جو مفرور بتایا گیا ہے سے مختلف برانڈز کے نقلی اسپیر پارٹس خریدا کرتے تھے اور اسی سامان کو ذخیرہ کرتے ہوئے ریٹیل مارکٹ میں فروخت کرتے تھے اور یہ لوگ نقلی سامان فروخت کررہے تھے۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے بجاج، ہیرو، ٹی وی ایس اور ہونڈا کمپنی کے نام سے نقلی اسپیر پارٹس کو ضبط کرلیا جس کی مالیت 30 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے۔ ٹاسک فورس پولیس نے ضبط شدہ سامان کے ساتھ گرفتار افراد کو مزید تحقیقات کیلئے عنبرپیٹ پولیس کے حوالے کردیا۔