حیدرآباد۔/9 جولائی، ( سیاست نیوز) نقلی سرخ صندل کو فروخت کرنے والے ایک شخص کو سائبرآباد پولیس نے گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس شمس آباد مسٹر پرکاش ریڈی نے بتایا کہ ایک اطلاع پر اسپیشل آپریشن ٹیم اور شاد نگر پولیس نے دھاوا کرتے ہوئے 28 سالہ برہمیا ساکن کرنول کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے تقریباً 150 سانڈرا ووڈ کے بڑے ٹکڑوں کو ضبط کرلیا۔ پولیس نے اس کارروائی میں محکمہ جنگلات کا تعاون حاصل کیا اور مشترکہ کارروائی انجام دی گئی۔ برہمیا نے سال 2020 میں نندیال کے فاریسٹ آکشن میں ہراج کے ذریعہ اس سانڈرا لکڑی کو حاصل کیا اور شاد نگر کے مضافات منتقل کیا۔ ایک کھیت کرایہ پر حاصل کرتے ہوئے اس نے لکڑی کا ذخیرہ کیا اور عوام کو گمراہ کرنے لگا اور بتایا کہ سرخ صندل فروخت کیا جارہا ہے۔ لکڑی کی چھال کو نکالنے کے بعد لکڑی سرخ رنگ کی ہوگئی اور اس کا فائدہ اٹھاکر اس نے سانڈرا ٹیک ووڈ کو سرخ صندل قرار دیا اور 10 تا 12 ہزار روپئے فی کیلو گرام اس کی قیمت مقرر کی۔ اطلاع کے بعد عین وقت کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے اسے گرفتار کرلیا اور سانڈرا ووڈ کو ضبط کرلیا۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ مختلف دفعات کے تحت برہمیا کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ اس کے علاوہ فارسٹ ایکٹ کے تحت بھی کارروائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ برہمیا کے خلاف پی ڈی ایکٹ بھی نافذ کیا جائے گا۔ اس کارروائی میں اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس شاد نگر ڈیویژن مسٹر کوشالکر و دیگر موجود تھے۔
