حیدرآباد۔ نقلی سونا فروخت کرنے والی ایک بدنام زمانہ ٹولی کو چندرائن گٹہ پولیس نے گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ توجہ ہٹاکر اس ٹولی نے شکایت گذار کو ایک کیلو سونا 70 لاکھ روپئے میں فروخت کردیا۔ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر انجنی کمار نے بتایا کہ چندرائن گٹہ کی کرائم پولیس ٹیم نے شیوایا، تروپتیا اور اندراجو کو گرفتارکرلیا اور ان کے قبضہ سے 15 لاکھ روپئے نقد رقم کو ضبط کرلیا۔ ڈی سی پی ساؤتھ زون پولیس مسٹر گجاراؤ بھوپال نے بتایا کہ شکایت کے بعد سب انسپکٹر غوث خان اور ان کی ٹیم نے تحقیقات کرتے ہوئے اس ٹولی کو بے نقاب کیا۔ شکایت گذار سے رجوع ہونے کے بعد ان ملزمین نے اصلی سونا بتایا اور کہا کہ میسور میں کھدوائی کے دوران انہیں سونا حاصل ہوا ہے اور وہ یہ سونا فروخت کرنا چاہتے ہیں۔ شکایت گذار ان کی باتوں میں آگیا اور اس نے سونے کی جانچ کروائی جس کے بعد ایک کیکلو سونے کو خرید لیا جو نقلی نکلا۔ ڈی سی پی ساؤتھ زون نے عوام کو آگاہ کیا کہ وہ ایسی کسی بھی سازشوں کا شکار نہ ہوں۔ پولیس سے مسئلہ کو رجوع کریں۔