نقلی سونا فروخت کرنے والی ٹولی کا پردہ فاش

   

چھ افراد بشمول ایک خاتون گرفتار، سی سی ایس ملکاجگیری کی کارروائی
حیدرآباد /21 جولائی ( سیاست نیوز ) نقلی سونا فروخت کرنے والی ایک ٹولی کو رچہ کنڈہ پولیس نے بے نقاب کردیا جو توجہ ہٹاکر عوام کو لوٹ رہی تھی ۔ سی سی ایس ملکاجگیری و اپل پولیس نے مشترکہ کارروائی میں 6 افراد بشمول ایک خاتون کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق 26 سالہ پی لکشمی ساکن حیات نگر متوطن کرناٹک 20 سالہ کے شیوا 27 سالہ کے کرن کمار ، ساکنان ٹٹی انارام 21 سالہ دیپک سنگھ ساکن دھول پیٹ 21 سالہ دلیپ ساکن ٹٹی انارم اور 26 سالہ صوبیدار نرسنگ سنگھ ساکن دھول پیٹ کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس کے مطابق 10 دن قبل دیپک سنگھ و صوبیدار سنگھ نے خود کو جواہرات کا تاجر بتاتے ہوئے لعل دروازہ کے ساکن وجئے کمار سے ملاقات کی اور اس کو اپنی جعلسازی کا شکار بنا کر اسے تیقن دے دیا کہ ان کے یہاں سونا خطیر مقدار میں موجود ہے اور وہ اس سونے کو 35 لاکھ روپئے فی کیلو فروخت کرنا چاہتے ہیں ۔ ان دھوکہ بازوں نے وجئے کمار کو لالچ دیکر جال میں پھانس لیا ۔ 18 جولائی کو اپل رنگ روڈ طلب کرکے 2 گرام اصل سونا نمونہ پیش کیا اور 50 ہزار روپئے اڈوانس کے طور پر حاصل کرلیا اور توجہ ہٹاکر 2 گرام اصل سونا اور 50 ہزار روپئے رقم لیکر فرار ہوگئے ۔ سی سی ایس ملکاجگیری و اپل پولیس نے مشترکہ کارروائی میں اس ٹولی کو بے نقاب کردیا ۔ ع