نقلی کسٹمر کیر نمبرس سے ہوشیار، پولیس کا انتباہ

   

حیدرآباد 2 فروری (سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس نے ایک اڈوائزری جاری کرتے ہوئے عوام سے کہا ہے کہ مشہور برانڈس کے کسٹمر کیر نمبرس ڈسپلے کرنے والے رینڈم ویب سائٹس پر بھروسہ نہ کریں۔ سائبرآباد کے سائبر کرائم پولیس اسٹیشن پر رپورٹ کئے گئے ایک حالیہ واقعہ میں متاثرہ شخص نے زوماٹو ایپ کے ذریعہ 200 روپئے کی مٹھائی کا آرڈر دیا۔ متاثرہ شخص نے دیکھا کہ مٹھائی میں بدبو آرہی ہے۔ اس نے زوماٹو کا کسٹمر کیر نمبر تلاش کیا اور ویب پیج پر ملے ایک موبائیل نمبر کو ڈائیل کیا۔ وہ ایک نقلی کسٹمر کیر نمبر تھا جسے کوئی دھوکہ باز نے لگایا تھا۔ سائبر کرائم ایس آئی مسٹر گوتم نے یہ بات بتائی۔ رقم واپس کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے اس دھوکہ باز نے متاثرہ شخص کے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات، یو پی آئی پن نمبر اور دوسرے تفصیلات طلب کئے۔ پولیس نے کہاکہ ’’تفصیلات حاصل کرنے کے بعد دھوکہ بازوں نے متاثرہ کے بینک اکاؤنٹ سے 70,000 روپئے منتقل کئے۔ کسٹمر کیر کے ملازمین او ٹی پی یو پی آئی پن یا نیٹ بینکنگ پاس ورڈ کبھی نہیں پوچھتے ہیں‘‘۔