نلگنڈہ میں گرین زون پرعائد تحدیدات کو منسوخ کرنے کا مطالبہ

   

سابق بلدی فلور لیڈر احمد کلیم کی ضلع کلکٹر ونئے کرشنا ریڈی کو یادداشت کی حوالگی
نلگنڈہ /25 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مجلس بلدیہ نلگنڈہ کے حدود میں واقع گرین زون پر عائد تحدیدات کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے سابقہ بلدی فلور لیڈر جناب احمد کلیم نے ضلع کلکٹر مسٹر ونئے کرشنا ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے تحریری یادداشت پیش کی ۔ انہوں نے بتایا کہ بلدیہ کے حدود میں گرین زون ایریا میں تعمیر کردہ مکانات پر بلدیہ کی جانب سے بلدی محاصل کی وصولی کی جارہی ہے لیکن یہاں پر مکانات کی تعمیر کی باقاعدہ اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔ بغیر اجازت تعمیر کردہ مکانات سے جائیداد ٹیکس اور مکانات کو نمبرات الاٹ کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ سابق میں یہ علاقہ کو گرین زون قرار دیا گیا ۔ لیکن شہری علاقہ میں واقع محلے جات میں کئی مہینوں سے پختہ مکانات تعمیر کئے گئے ہیں ۔ شہریوں کی جانب سے اراضی کی خرید و فروخت کی جارہی ہے بلدیہ کی جانب سے سہولیات کے باوجود ان علاقوں کو گرین زون قرار دیتے ہوئے تعمیراتی کاموں کی باقاعدہ اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔ بلدیہ کی جانب سے عدم اجازت کی وجہ سرکاری ملازمین کو مکانات کی تعمیر کیلئے قرض فراہم نہیں کیا جاتا جس کی جہ سے شہریوں بالخصوص سرکاری ملازمین کو شدید مشکلات پیش آرہی ہیں ۔ ضلع کلکٹر نلگنڈہ مسٹر ونئے کرشنا ریڈی نے اس خصوص میں متعلقہ عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے مسئلہ کی یکسوئی کا تیقن دیا ۔ اس وفد میں مسرز مسیح الدین ایڈوکیٹ ، محمد جاوید غوری ، محمد فہیم الدین و دیگر شریک تھے ۔