نلگنڈہ میں 200 کروڑ سے ینگ انڈیا انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکول کی منظوری

   

4 اگست کو سنگ بنیاد، ریاستی وزیر وینکٹ ریڈی نے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیا

حیدرآباد ۔ 30 ۔ جولائی (سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے نلگنڈہ ضلع میں ینگ انڈیا انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکول کی تعمیر پر عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے غریب طلبہ کو بین الاقوامی معیار کی تعلیمی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہر ضلع میں ینگ انڈیا انٹیگریٹیڈ اسکولوں کے قیام کا فیصلہ کیا ہے ۔ 104 اسمبلی حلقہ جات میں مرحلہ وار طور پر تعمیری کاموں کا آغاز ہوگا۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے نلگنڈہ کے مجوزہ اقامتی اسکول کیلئے اراضی کے حصول اور مجوزہ پلان کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ 4 اگست کو اسکول کے تعمیری کاموں کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ ریاستی وزیر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ بھومی پوجا پروگرام کیلئے موثر انتظامات کئے جائیں۔ 22 ایکر اراضی پر 200 کروڑ کے خرچ سے اقامتی اسکول کامپلکس تعمیر کیا جائے گا اور 536194 مربع فیٹ عمارت تعمیر کی جائے گی۔ اسکول کی عمارت کے علاوہ اکیڈیمی بلڈنگ، اسٹاف بلڈنگ ، پلے گراؤنڈ ، تھیٹر اور طلبہ کیلئے اسکیل ڈیولپمنٹ سنٹر کی سہولت رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسکول کی تعمیر 18 ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیت کے غریب طلبہ کو عالمی سطح کی تعلیمی سہولتوں کی فراہمی حکومت کا بنیادی مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد اقامتی ہاسٹلس کے میس چارجس اور کاسمیٹکس چارجس میں اضافہ کیا گیا۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے نلگنڈہ میں ینگ انڈیا انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکول کی منظوری پر چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اظہار تشکر کیا۔1