کمشنر جی ایچ ایم سی آر وی کرنن نے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا
حیدرآباد ۔ 30۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) کمشنر جی ایچ ایم سی آر وی کرنن نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ نلگنڈہ چوراہا تا اویسی جنکشن براہ سعید آباد و آئی ایس سدن جامع ترقیاتی راہداری کے کام اپریل 2026 تک مکمل کرلئے جائیں اور یہ راہداری عوام کیلئے کھول دی جائیں۔ آر وی کرنن نے حیدرآباد کے جنوبی علاقہ میں مصروف ترین شاہراہ پر ٹریفک کو بہتر بنانے سے متعلق نئی راہداری کے کاموں کا جائزہ لیا ۔ پراجکٹ کے تحت 2530 میٹر طویل فلائی اوور تعمیر کیا جارہا ہے جس پر 620 کروڑ کے مصارف ہوں گے ۔ عہدیداروں نے کمشنر جی ایچ ایم سی کو بتایا کہ فلائی اوور کا 80 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے ۔ آر وی کرنن نے انجنیئرس اور کنٹراکٹرس کے ہمراہ فلائی اوور کے کاموں کا شخصی طور پر جائزہ لیا اور عہدیداروں کو کام میں تیزی پیدا کر تے ہوئے اپریل 2026 تک فلائی اوور عوام کیلئے کھول دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کسی رکاوٹ کے بغیر کاموں کی انجام دہی کیلئے سعید آباد اور دھوبی گھاٹ جنکشن کے دوران ٹریفک کا رخ موڑنے کیلئے پولیس سے اجازت حاصل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ سرویس روڈ کی تعمیر کے لئے اراضی کے حصول کا کام جلد مکمل کیا جائے تاکہ فلائی اوور کے آغاز کے بعد ٹریفک میں کوئی خلل نہ رہے ۔ دورہ میں چارمینار زونل کمشنر سرینواس ریڈی ، اگزیکیٹیو انجنیئر بی گوپال اور جی ایچ ایم سی کے دیگر عہدیدار موجود تھے ۔1
