نلگنڈہ کے ٹی آر ایس قائدین کے ساتھ چیف منسٹر کے سی آر کا اجلاس

   

سروے رپورٹس کا حوالہ ، منگوڑ میں متحدہ طور پر کام کرنے کی ہدایت
حیدرآباد ۔11۔اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے منگوڑ اسمبلی حلقہ کے امکانی ضمنی چناؤ پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے نلگنڈہ ضلع سے تعلق رکھنے والے ٹی آر ایس قائدین کا اجلاس طلب کیا۔ چیف منسٹر نے پرگتی بھون میں ضلع کے اہم قائدین سے انتخابی حکمت عملی پر بات چیت کی۔ وزیر برقی جگدیش ریڈی اور دیگر عوامی نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی اور چیف منسٹر کو بتایا کہ ضمنی چناؤ میں ٹی آر ایس کی کامیابی یقینی ہے۔ چیف منسٹر نے قائدین سے کہا کہ وہ پارٹی کی کامیابی کیلئے متحدہ طور پر کام کریں اور جس کسی کو بھی امیدوار بنایا جائے گا ، اس کی تائید کی جانی چاہئے ۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے منگوڑ اسمبلی حلقہ کے بارے میں مختلف سروے رپورٹس کا حوالہ دیا اور کہا کہ اگر ٹی آر ایس قائدین متحدہ طور پر کام کریں تو کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امیدوار کے انتخاب کے معاملہ میں مشاورت کا عمل جاری ہے اور مضبوط امیدوار کو ٹکٹ دیا جائے گا۔ اسی دوران وزیر برقی جگدیش ریڈی نے منگوڑ اسمبلی حلقہ سے تعلق رکھنے والی ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی ارکان کا اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ منگوڑ کے ٹی آر ایس قائدین میں کوئی ناراضگی نہیں ہے اور ضمنی چناؤ میں ٹی آر ایس 50 ہزار ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی نے عوام کی بھلائی کو نظرانداز کردیا تھا ، اپنے خاندان کی بھلائی کیلئے انہوں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ جگدیش ریڈی کے مطابق منگوڑ میں انتخابی مہم کے آغاز کا جلد فیصلہ کیا جائے گا ۔ ر