نلگنڈہ کے پروفیسر این جگدیش کمار یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کے نئے صدرنشین،تلنگانہ کیلئے اہم اعزاز

   

حیدرآباد۔4 ۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے ماہر تعلیم پروفیسر این جگدیش کمار کو یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (UGC) کا نیا صدرنشین مقرر کیا گیا ہے۔ این جگدیش کمار اس عہدہ پر 5 سال تک برقرار رہیں گے یا پھر 65 سال عمر تک صدرنشین رہ پائیں گے۔ مرکزی وزارت تعلیم نے تقرر کے سلسلہ میں نوٹیفکیشن جاری کیا ہے ۔ پروفیسر جگدیش کمار فی الوقت جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے کارگزار وائس چانسلر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ جگدیش کمار کا تعلق نلگنڈہ ضلع سے ہے۔ ان کی پیدائش مامیڈالا گاؤں میں ہوئی۔ انہوں نے آئی آئی ٹی مدراس میں الیکٹریکل انجنیئرنگ میں ماسٹرس اور پی ایچ ڈی کی تکمیل کی۔ بعد میں کینیڈا کی یونیورسٹی سے پوسٹ ڈاکٹریٹ ریسرچ کی تکمیل کی ۔ جگدیش کمار جے این یو کے وائس چانسلر کے عہدہ پر ایک متنازعہ دور سے گزر چکے ہیں اور گزشتہ سال میعاد کی تکمیل کے بعد سے وہ کارگزار وائس چانسلر کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ یو جی سی صدرنشین کا عہدہ 7 ڈسمبر کو اس وقت خالی ہوا جب پروفیسر ڈی پی سنگھ 65 سال کی عمر میں اس عہدہ سے سبکدوش ہوئے۔ انہوں نے 2018 ء میں ذمہ داری سنبھالی تھی ۔ یو جی سی کے نائب صدرنشین کا عہدہ بھی مخلوعہ ہے ۔