نمائش میدان پر مچھلی میں دوائی کی تقسیم کا آغاز

   

صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ اور ریاستی وزیر پونم پربھاکر کی شرکت
حیدرآباد ۔ 8 جون (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ اور حیدرآباد کے انچارج وزیر پونم پربھاکر نے آج نمائش میدان پر دمہ کے مریضوں میں مچھلی میں دوائی کی تقسیم کا افتتاح کیا۔ بتھنی خاندان کی جانب سے ہر سال مرگ کے موقع پر دمہ کے مریضوں میں مچھلی میں دوا تقسیم کی جاتی ہے جس کے لئے نہ صرف ہندوستان بلکہ دیگر ممالک سے مریض حیدرآباد کا رخ کرتے ہیں۔ حکومت کی جانب سے نمائش میدان پر وسیع انتظامات کئے گئے تھے اور دوا کے حصول کے لئے طویل قطاریں دیکھی گئیں۔ مچھلی میں یہ دوا 24 گھنٹے یعنی کل 9 جون کی صبح 10 بجے تک کھلائی جائے گی۔ مہیش کمار گوڑ نے بتھنی خاندان کی عوامی خدمت کو سراہا اور کہا کہ گزشتہ ایک سو سال سے زائد عرصہ سے یہ خاندان عوام کی خدمت کررہا ہے۔ اس موقع پر رکن راجیہ سبھا انل کمار یادو، سابق رکن پارلیمنٹ مدھویشکی گوڑ اور فشریز کارپوریشن کے صدر نشین ایم سائی کمار موجود تھے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ 178 برسوں سے پرانے شہر کے دودھ باؤلی علاقہ سے دوا کی تقسیم کا آغاز ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کو اس سہولت سے استفادہ کرنا چاہئے۔ وزیر ٹرانسپورٹ اور حیدرآباد کے انچارج پونم پربھاکر نے کہاکہ سرکاری محکمہ جات کی جانب سے نمائش میدان پر وسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک اور بیرون ملک سے مریض دوا کے لئے حیدرآباد پہنچتے ہیں۔ فشریز ڈپارٹمنٹ کی جانب سے چھوٹی مچھلیوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ رضاکارانہ تنظیموں کی جانب سے پانی اور دیگر سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ 1