نمائش گراونڈ پر مرگ کے موقع پر دمہ کی دوائی

   

مقامی اور مختلف ریاستوں سے مریضوں نے استفادہ کیا
حیدرآباد ۔ 9 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد کے نامپلی ایگزیبیشن گراونڈ میں مرگ کے موقع پر بتھنی خاندان نے ’ مچھلی میں دوا ‘ کی تقسیم پیر کی رات 9 بجے سے شروع کی ۔ بتھنی امرناتھ گوڑ نے سب سے پہلے سابق ایم پی اور حکومتی مشیر وی ایچ کو مچھلی کی دوا دی ۔ نمائش میدان میں اتوار سے ہی ملک کی مختلف ریاستوں سے دمہ کے ہزاروں مریض جمع ہورہے تھے جس کی وجہ سے نمائش میدان کھچاکھچ بھر گیا تھا ۔ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اس بات کو یقینی بنانے کیلئے افسران اور عملے نے خصوصی اقدامات پر عمل کیا ۔ تحصیلداروں اور ریونیو عملے نے ضروری انتظامات کئے اور قطاروں میں انتظار کرنے والوں کو مچھلی پرساد کی بروقت تقسیم کی نگرانی کی ۔ محکمہ ماہی پروری اور جی ایچ ایم سی کے عملے نے صفائی کے اقدامات کئے ۔ عارضی بیت الخلاء بنائے گئے ہیں اور پینے کے پانی کی تقسیم کے مقامات کا انتظام کیا گیا ہے ۔ آر ٹی سی نے خصوصی بس خدمات کا اہتمام کیا ہے ۔ مختلف رضاکارانہ اور سماجی خدمت کی تنظیمیں مفت ناشتہ اور کھانا فراہم کررہے ہیں ۔ ’ مچھلی پرسادم ‘ کی تقسیم منگل کی رات 9 بجے تک جاری رہے گی ۔ مچھلی پرساد کی تقسیم کیلئے پیر کی رات 11 بجے تک 26500 ٹوکن تقسیم کئے گئے ۔ محکمہ ماہی پروری کے جوائنٹ ڈائرکٹر لکشمی نارائنا نے یہ بات بتائی ۔ حیدرآباد کمشنر وی سی سجنار نے بھی مقام کا دورہ کیا اور پولیس کے سخت ترین بندوبست کئے ۔۔ ش a/b