نمائش 2022 کے انعقاد کی اجازت نہ دی جائے

   

اومی کرون کا خطرہ شدید۔ حکومتوں کو شہر کے وکیل کا مکتوب
حیدرآباد : /12 ڈسمبر (سیاست نیوز) کورونا کے نئے ویرینٹ اومی کرون کے خدشہ کے پیش نظر نمائش 2022 ء منعقد نہ کرنے ایک وکیل نے مرکزی ریاستی حکومتوں کو مکتوب روانہ کیا ہے ۔ ہائیکورٹ وکیل خواجہ اعجاز الدین نے مکتوب میں کہا کہ کووڈ۔19 کا نیا ویرینٹ اومی کرون تیزی سے پھیل رہا ہے اور اس کی سرکاری توثیق ہوگئی ہے ۔ 81 ویں کل ہند صنعتی کا انعقاد عوام کیلئے خطرناک ہے اور حکومت نمائش سوسائیٹی کو اس کے انعقاد کیلئے اجازت نہ دیں ۔ وکیل نے مرکزی اور ریاستی وزارت صحت کے علاوہ مرکزی وزارت داخلہ ، چیف سکریٹری ، ڈی جی پی اور کمشنر پولیس کو بھی موثر کارروائی کرنے کی درخواست کی ہے ۔ ایڈوکیٹ اعجاز الدین نے مکتوب میں کہا ہے کہ کورونا کی روک تھام کیلئے مرکزی حکومت کی جانب سے تمام ریاستوں کو رہنمایانہ خطوط جاری کئے گئے ہیں جو ابھی عمل میں ہیں اور اتنا ہی نہیں عالمی تنظیم صحت نے بھی وائرس سے آگاہ کیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ نمائش کے انعقاد پر روزانہ کم از کم 40 ہزار افراد مشاہدے کیلئے آتے ہیں اور وباء میں کثیرتعداد میں عوام کا جمع ہونا خطرناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اومی کرون پھیلنے کے خدشہ کے پیش نظر حسین ساگر جھیل پر ہر اتوار کی شب سنڈے فنڈے پروگرام کو منسوخ کردیا گیا ہے ۔ 2019 ء میں نمائش میںمہیب آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا جس پر ایڈوکیٹ اعجاز الدین نے نمائش سوسائیٹی سے احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے پر درخواست مفاد عامہ ہائیکورٹ میں داخل کی تھی جس پر /20 ڈسمبر کو سماعت کیلئے مقرر ہے ۔