حیدرآباد: کمشنر ٹاسک فورس ساؤتھ زون ٹیم نے ایک ایسے سارق کو گرفتار کیا ہے جو فجر کی نماز کے وقت مصلیوں کے مکانات کو نشانہ بنایا کرتا تھا ۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے کہا کہ 28 سالہ حبیب عظمت اور اس کے ساتھی 24 سالہ شیخ شاہ رخ صبح کی اولین ساعتوں میں مسلم آبادی والے علاقوں میں گشت کیا کرتے تھے اور ایسے مکانات کی نشاندہی کرتے جہاں سے مصلی فجر کی نماز کی ادائیگی کیلئے مساجد کے لئے جایا کرتے تھے ۔ پولیس کمشنر نے کہا کہ شاہ رخ مکان میں داخل ہوکر سرقہ کیا کرتا تھا جبکہ حبیب عظمت اس کی نگرانی کیلئے اسی علاقہ میں گشت کرتا رہتا تھا۔ انجنی کمار نے بتایا کہ فجر کی نماز کے لئے جانے والے مصلیوں کے مکانات کو نشانہ بنانا ان کے لئے آسان ہوگیا تھا اور وہ مکانات میں داخل ہوکر قیمتی اشیاء بشمول اسمارٹ فونس اور نقد رقومات کا بھی سرقہ کیا کرتے تھے ۔ اس ٹولی کے بارے میں اطلاع ملنے پر ساؤتھ زون ٹاسک فورس ٹیم نے حبیب عظمت کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے جبکہ اس کا ساتھی شیخ شاہ رخ ہنوز مفرور ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزم کو پولیس سنتوش نگر کے حوالے کیا گیا ہے اور اس کے قبضہ سے 10 لاکھ مالیتی مسروقہ مال برآمد کرلیا گیا۔ اکثر یہ دیکھا گیا ہے کہ فجر کی نماز کی ادائیگی کیلئے جانے والے افراد اپنے مکان کے دروازے باہر سے بند کر کے مساجد کا رخ کرتے ہیں جس کا فائدہ اٹھاکر سارقین مکانات میں داخل ہوکر سرقہ کرلیا کرتے ہیں۔