وائرس سے بچاؤ کے تمام تر احتیاطی اقدامات
حیدرآباد۔12جون(سیاست نیوز) لاک ڈاؤن میں بتدریج فراہم کی جانے والی راحتوں کے دوران ریاستی محکمہ صحت کی جانب سے نمس دواخانہ میں آؤٹ پیشنٹ خدمات کو بحال کردیا گیا ہے ۔ دواخانہ کے انتظامیہ نے لاک ڈاؤن کے ساتھ ہی دواخانہ میں بند کی گئی آؤٹ پیشنٹ خدمات کو 12 جون سے بحال کرنے کا فیصلہ کیا اور اس بحالی کے پہلے ہی دن دواخانہ سے مختلف امراض کے ساتھ 305 مریض رجوع ہوئے جن کی کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کے ساتھ تشخیص کی گئی۔سپرنٹنڈنٹ نمس ہاسپٹل ڈاکٹر ستیہ نارائنا نے بتایا کہ دواخانہ میں آؤٹ پیشنٹ خدمات کی بحالی کے لئے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی ہیں اور ان احتیاطی تدابیر کے ساتھ خدمات کو بحال کیا جاچکا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے نمس ہاسپٹل کے دو بلاکس میں کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج بھی کیا جار ہا ہے لیکن آؤٹ پیشنٹ بلاک سے اس بلاک کا کوئی رابطہ نہیں ہے اسی لئے آؤٹ پیشنٹ خدمات کی بحالی میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ ڈاکٹر ستیہ نارائنا نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جاری کئے جانے والے تمام رہنمایانہ خطوط کا جائزہ لینے کے علاوہ ان تمام امور کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں جن پر عمل آوری کے ساتھ ہی مریضوں کی تشخیص کی جائے گی۔
