نمس ہاسپٹل میں مریضوں کیلئے ڈاکٹرس سے فون پر مفت مشاورت کی سہولت

,

   

سات شعبہ جات میں ٹیلی میڈیسن خدمات کا آغاز۔ لاک ڈاون کے پیش نظر اقدام
حیدرآباد 30 اپریل (سیاست نیوز) ملک کے موجودہ حالات میں شخصی طورپر ملاقات اور رابطہ سے اجتناب کو دیکھتے ہوئے ٹیلی میڈیسن کو زبردست فروغ حاصل ہورہا ہے اور نمس دواخانہ کے انتظامیہ نے دواخانہ کے 7 شعبوں میں ٹیلی میڈیسن اور مشاورت بذریعہ فون خدمات کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ فون کے ذریعہ ڈاکٹر سے مشاورت کے خواہشمندوں کو ایک یوم قبل وقت حاصل کرنا ہوگا اور وہ متعلقہ ڈاکٹر سے بات چیت کے ذریعہ اپنے لئے ادویات تجویز کرواسکتے ہیں۔ نمس کے جن 7 شعبوں میں فون کے ذریعہ مشاورت کے اقدامات کئے جا رہے ہیںان میں شعبہ امراض قلب‘ آرتھوپیڈک‘ جنرل میڈیسن‘آنکالوجی‘ نیورو لوجی‘ ارو ریموٹالوجی شامل ہیں۔ موبائیل پر موجود نمس کے ایپلیکشن کے علاوہ فون نمبر 040-23489244 پر رابطہ کرتے ہوئے ڈاکٹرس سے مفت مشاورت کی جاسکتی ہے۔ فون کے ذریعہ مشاورت کیلئے وقت حاصل کرنے والوں کو ڈاکٹرس اور دواخانہ کی جانب سے دئیے گئے نمبر پر فون کال کیا جائیگا اور اس کال کے دوران وہ اپنے مسائل اور کیفیت سے ڈاکٹرس کو واقف کرواتے ہوئے ادویات تجویز کرواسکتے ہیں۔جن مریضوں کی جانب سے وقت حاصل کیا جائے گا ان کو صبح 9:30سے 12:30 کے درمیان ڈاکٹرس کا کال موصول ہوگا۔ جبکہ وقت حاصل کرنے کیلئے مریض اوپر دیئے گئے نمبر پر صبح 9بجے تا4بجے کال کرسکتے ہیں۔کال کرتے ہوئے وقت حاصل کرنے کیلئے دی گئی درخواست کا جواب دواخانہ کی جانب سے ایس ایم ایس کے ذریعہ دیا جائے گا

اور اس بات کی تصدیق کردی جائیگی کہ ان کا وقت مقرر کردیاگیا ہے اور ڈاکٹر ان سے رابطہ کریں گے۔ذرائع کے مطابق یہ پراجکٹ تجرباتی اساس پر چلایا جائے گا اور اس میں کامیابی کی صورت میںاس کو وسعت دی جائے گی کیونکہ جب تک سماجی دوری اور فاصلہ کی برقراری کے رہنمایانہ خطوط برقرار رہیں گے اس وقت تک ٹیلی میڈیسن یعنی فون پر ڈاکٹرس سے مشاورت نیا طرز معاشرت ہوگا اور مریضوں کو دواخانہ کا رخ کرنے کی بجائے انہیں فون پر ڈاکٹرس سے رابطہ کرنا پڑے گا اور فون پر مریض کی کیفیت کے مطابق ڈاکٹرس کی جانب سے ادویات تجویز کی جائیں گی ۔ ڈاکٹرس کی تجویز کردہ ادویات کے مطابق علاج کیا جاتا رہے گا اور شدید ضرورت و ایمرجنسی کی صورت میں ہی مریض کو شریک دواخانہ کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ نمس کی جانب سے شروع کئے جانے والے اس پراجکٹ کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ اس پراجکٹ کی کامیابی کی صورت میں حکومت کی جانب سے دیگر سرکاری دواخانو ںمیں بھی یہ خدمات شروع کردی جائیں گی اور ہر دواخانہ میں فون پر مریض سے مشاور ت کیلئے ایک کال سنٹر تیارکرنے پر غور کیا جارہا ہے۔