انتخابی مہم کے آخری روز ممتا بنرجی کا الزام۔ بی جے پی حامیوں نے چیف منسٹر کے قافلہ پر ’جے شری رام ’کے نعرے لگائے
نندی گرام: چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے آج الزام عائد کیا کہ بی جے پی حکمرانی والی ریاستوں سے پولیس فورسیس کو اس ریاست میں لایا گیا ہے تاکہ نندی گرام اسمبلی حلقہ میں ووٹروں کو ’’دہشت زدہ‘‘ کیا جاسکے۔ انہوں نے بی جے پی وزراء اور سیکوریٹی فورسیس پر رائے دہندوں کو رجھانے کیلئے نقدی تقسیم کرنے کا موردالزام بھی ٹھہرایا۔ ممتابنرجی کو اس نامی گرامی اسمبلی حلقہ میں بی جے پی کے شویندو ادھیکاری کا سامنا ہے جو سابق میں ان کے نہایت وفادار وزیر رہے ہیں۔ اس حلقہ میں یکم ؍ اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ چنانچہ آج شام انتخابی مہم اختتام پذیر ہوئی۔ ٹی ایم سی سربراہ نے یہاں اپنی انتخابی مہم کے آخری مرحلہ میں بدستور وہیل چیئر پر اسمبلی حلقہ کا احاطہ کیا۔ انہوں نے ایک انتخابی جلسہ سے خطاب میں الزام عائد کیا کہ خطیر رقومات ملک بھر سے لاکر بی جے پی وزراء کی جانب سے تقسیم کی جارہی ہے۔ یہ وزراء مختلف ہوٹلوں میں کیمپ کئے ہوئے ہیں۔ ممتابنرجی نے کہا کہ یہ رقم پی ایم کیئرس فنڈ کی ہے جو غیرمحسوب ہے۔ علاوہ ازیں نوٹ بندی کے دوران جمع کی گئی نقدی بھی استعمال کی جارہی ہے جس کا کوئی سرکاری حساب کتاب نہیں۔ اس دوران ممتا بنرجی کا بی جے پی کے حامیوں کے ایک گروپ نے ’’جے شری رام‘‘ کے نعروں سے استقبال کیا جبکہ ان کا قافلہ گزررہا تھا۔ نندی گرام میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے پارٹی امیدوار ادھیکاری کیلئے روڈ شو منعقد کیا ۔بی جے پی حامیوں کا ایک گروپ پارٹی کا پرچم لئے ہوئے تھا اور جیسے ہی وزیر اعلی کا قافلہ گزرنے لگا ،بی جے پی والوں نے جے شری رام کے نعرے لگائے ۔ممتا بنرجی اتوار سے نندی گرام میں مقیم ہیں۔بی جے پی کے کچھ حامی بھی اس قافلے کے پیچھے بھاگتے ہوئے نظر آئے ۔سیکورٹی اہلکاروں کو ان پر قابو پانے میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ممتابنرجی نے بھی نندی گرام میں روڈ شو کیا۔