سارا علاقہ کچھ دیر کیلئے گرد و غبار میں ڈوب گیا،سخت حفاظتی انتظامات میں سپریم کورٹ کے حکم پر کارروائی
نوئیڈا: دہلی سے متصل نوئیڈا کے سیکٹر 93اے میں واقع سوپرٹیک ٹوئن ٹاورز کو منہدم کر دیا گیا ہے۔ عمارت کو 3700 کلو گرام دھماکہ خیز مواد استعمال کرتے ہوئے گرایا گیا۔ قطب مینار سے بھی اونچے ٹوئن ٹاورز اب ملبے میں تبدیل ہو گئے ہیں۔ ٹوئن ٹاورز کے گرنے کے بعد دھول کا زبردست بادل اٹھا اور سارا شہر گرد وغبار میں ڈوب گیا ۔ کچھ دیر کیلئے مقامی عوام میں خوف کا ماحول دیکھا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ تقریباً دو گھنٹے تک گرد و غبار کا بادل ہوا میں رہا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ چوبیس گھنٹوں تک کا اثر رہے گا ۔ آس پاس کے لوگوں کو ہٹا دیا گیا تھا۔ ہیلتھ ایمرجنسی کے پیش نظر تین ہسپتالوں کو بھی الرٹ رکھا گیا ہے۔نوئیڈا کے سوپر ٹیک ٹوئن ٹاورز کو زمین دوز کرنے کی الٹی گنتی شروع کی گئی اور ٹھیک 2 بجکر 30 منٹ سپریم کورٹ کے حکم پر عمل کرتے ہوئے ’بدعنوانی کی علامت‘ کو منہدم کر دیا گیا۔ ٹوئن ٹاورز کو مہندم کرنے کے لئے دھماکہ کئے جانے سے قبل علاقہ میں سائرن بجا دیا گیا تھا۔ٹوئن ٹاور انہدام سے عین قبل اس معاملہ میں سپریم کورٹ میں عرضی داخل کرنے والے یو بی ایس تیوتیا نے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2012 میں ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی گئی تھی۔ ہمیں خوشی ہے کہ 10 سال کی اس جنگ کو جیت لیا گیا۔ انہدام کے طویل المدتی فوائد 3 مہینے بعد نظر آئیں گے۔ٹوئن ٹاورز انہدام کے دوران حفاظت سے متعلق ذمہ داریاں نوئیڈا پولیس اور ٹریفک اہلکاروں کو دی گئیں تھیں۔ جس کے تحٹ ٹوئن ٹاورز کے آس پاس کی سڑکوں کو بند کر دیا گیا تھا۔ ساتھ ہی پولیس نے روٹ تبدیل کرنے کے لئے بیریکیڈنگ کر دی تھی۔نوئیڈا میں سپر ٹیک ٹوئن ٹاورز کو منہدم کرنے سے قبل 40 ٹاورز سمیت نزدیک واقع دو رہائشی سوسائٹیوں کو پوری طرح خالی کرا لیا گیا تھا۔ علاقہ میں 560 پولیس اہلکار، ریزرو فورسز کے 100 افراد، فوری کارروائی کرنے والی 4 ٹیمیں اور این ڈی آر ایف کی ٹیم تعینات کیا گیا تھا۔