نوئیڈا کے 4 اسکولوں میں 23 بچے کورونا سے متاثر

   

غازی آباد: ملک میں ایک بار پھر کورونا کے کیسز بڑھنے لگے ہیں۔ نوئیڈا کے چار اسکولوں میں گزشتہ چار دنوں میں کورونا کے کل 23 معاملے درج کیے گئے ہیں۔ گوتم بدھ نگر کے سی ایم او سنیل کمار شرما نے بتایا کہ کل ایک اسکول میں 13 بچے کورونا سے متاثر پائے گئے۔اسکول نے ہمیں مطلع کیا کہ انہوں نے اسکول بند کر دیا ہے۔ پورے نوئیڈا میں اب تک 23 بچے کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ اسکولوں نے ہمیں مطلع نہیں کیا۔اگر معلوم ہوا تو ہم یہی تجویز دیں گے کہ اسکول بند کر دیا جائے۔ اب پریشان ہونے کی کوئی بات نہیں ہے۔ یہ رپورٹ ایک ہفتے کی ہے۔ ہماری تیز رفتار ٹیمیں بچوں کے گھروں کا دورہ کر کے رابطے کا پتہ لگا رہی ہیں۔ہم صرف رابطے میں آنے والے لوگوں کی جانچ کر رہے ہیں۔حالیہ دنوں میں اتر پردیش کے غازی آباد اور نوئیڈا کے کئی اسکولوں کے طلبہ کے کورونا سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔غازی آباد کے ایک اور اسکول کے دسویں کے طالب علم کی کووڈ رپورٹ پازیٹیو آئی ہے۔ یہ اسکول بھی بند کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں غازی آباد کے دو پرائیویٹ اسکولوں کے تین طلبہ میں کورونا وائرس کے انفیکشن کی تصدیق ہوئی تھی۔اسکول کے حکام نے بتایا کہ احتیاطی اقدام کے طور پر اسکول کو تین دن کے لیے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ نوئیڈا میں اسکول ایک ہفتے تک آن لائن چلیں گے۔