انصاری روڈ پر کمسن طالبہ پر کتوں کا حملہ ۔ طالبہ شدید زخمی
حیدرآباد8 اگست (سیاست نیوز ) شہر کے نواحی علاقوں میں آوارہ کتوں کی بہتات سے دہشت پیدا ہوگئی ہے۔ آج صبح کی اولین ساعتوں میں ایک اسکولی طالبہ پر حملہ کرکے آوارہ کتوں نے شدید زخمی کردیا۔ زخمی حالت میں بچی کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ انصاری روڈ اویسی ہلز میں یہ واقعہ پیش آیا۔ اگر عین وقت بچی کو بچانے کی کوشش نہیں کی جاتی تو آوارہ کتے بچی کو ہلاک کردیتے جیسا کہ سابق میں ہوا۔ آوارہ کتوں کی کثرت سے عوام بالخصوص کمسن بچوں کی حفاظت کرنے والا کوئی نہیں ہے۔ بلدیہ کی مجرمانہ غفلت تین ماہ کے عرصہ میں دو بچوں کی ہلاکت کا سبب بنی جہاں گولکنڈہ میں ایک کمسن اور کلثوم پورہ علاقہ میں ایک لڑکے کو آوارہ کتوں نے حملہ کرکے ہلاک کردیا۔ ان دنوں شہر کے مختلف علاقوں میں آوارہ کتوں کی بہتات ہے باوجود اسکے بلدیہ سے کوئی اقدامات نہیں کئے جاتے۔ موسم برسات میں آوارہ کتوں کے متعلق عام حالات میں بھی خطرہ پایا جاتا ہے جبکہ ایسے حالات میں کتوں کی بہتات مزید سنگین صورتحال اختیار کر گئی ہیں۔ آج اویسی ہلز علاقہ میں پیش آئے واقعہ پر ایک شخص نے بتایا کہ وہ گزشتہ ایک ماہ سے بلدیہ کے چکر کاٹ رہے ہیں۔ کئی مرتبہ شکایت کی اور عہدیداروں کو توجہ دہانی کیلئے مقامی بلدیہ کے دفتر کے چکر کاٹ رہے ہیں لیکن ان پر توجہ دینے والا کوئی نہیں۔ ایک طرف موسم برسات اور پھر برقی کے تاروں کی دہشت تو دوسری طرف آوارہ کتوں کی بہتات عوام بالخصوص کمسن بچوں کیلئے موت کا فرمان بن گئی ہے۔ شہری نے بتایا کہ مصطفی نگر۔ انصاری روڈ ، شیخ کی مسجد اور شاستری پورم میں آوارہ کتوں کی کثرت اور ان کی دہشت سے متعلق شکایت کے باوجود کوئی اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں۔ کمشنر بلدیہ اور وزیر بلدی نظم و نسق کو چاہئے کہ وہ شہریوں کی سلامتی کے اس سنگین مسئلہ پر فوری توجہ دیتے ہوئے موثر اقدامات کریں۔ ع