نوجوانوں کو امراض قلب کی جانچ قبل از وقت کروانے کا مشورہ

   

کیسپین ہیلتھ کیئر میں قلب کے مریضوں کا معائنہ کیمپ ، ڈاکٹر سید مزمل کا بیان
حیدرآباد۔5۔جنوری(سیاست نیوز) نوجوانوں میں پائے جانے والے امراض قلب کی قبل ازوقت جانچ کے ذریعہ ان کے علاج کو ممکن بنایا جاسکتا ہے۔امراض قلب کی بنیادی وجوہات میں بے ترتیب زندگی کا بھی اہم کردار ہوتا ہے اور اگر کسی نوجوان کو ذیابیطس کی شکایت ہوتی ہے تو ان کے اعضائے رئیسہ میں رونما ہونے والی تبدیلیوں سے وہ اس وقت تک واقف نہیں ہوپاتے جب تک ان کے معائنہ نہ کروایا جائے۔ ڈاکٹر سید مزمل ایم بی بی ایس‘ ایم آر سی پی (یو کے) بی جی ڈی سی سی نے یہ بات بتائی۔ انہو ںنے بتایا کہ عام طور پر امراض قلب کے متعلق یہ تاثر پایا جاتا رہا ہے کہ 40 تا50 سال کی عمر میں امراض قلب کا شکار بہت کم لوگ ہوا کرتے ہیں لیکن فی الحال حرکت قلب بند ہونے یا قلب پر شدید حملہ کے سبب ہونے والی نوجوانوں کی اموات کی شرح میں ہونے والے اضافہ کے بعد یہ نظریہ غلط ثابت ہونے لگا ہے ۔ انہو ںنے بتایا کہ موجودہ دور میں بے ترتیب زندگی ‘ غیر درست عادات و اطوار اور غذائی عادات کے نتیجہ میں کسی بھی عمر میں امراض قلب پائے جانے لگے ہیں اسی لئے 40تا45 سال کی عمر کے نوجوانوں کو بھی اپنے قلب کی صحت کی جانچ کروانی چاہئے تاکہ کسی بھی طرح کی سنگین صورتحال پیدا ہو اس سے قبل علاج کی شروعات کی جاسکے۔ ڈاکٹر سید مزمل نے بتایا کہ اگر کوئی شخص اپنے قلب کا ای سی جی اور 2D Echo کرواتا ہے تو اس کے قلب کی صحت کا پتہ لگایا جاسکتا ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ گذشتہ 2ماہ سے جاری کیمپ کے دوران انہوں نے زائد از 700 مریضوں کے قلب کا معائنہ کیا ہے۔ کیسپین ہیلتھ کیئر وجئے نگر کالونی میں جاری کیمپ کے دوران محض699 میں قلب کی صحت کے پروفائیل دوشنبہ تا ہفتہ کے درمیان صبح 9بجے تا دوپہر 12بجے اور شام 6بجے تا 9 بجے کے درمیان کئے جا رہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ انتہائی کم قیمت میں کئے جانے والے دل کی صحت کے اس پروفائیل کے ذریعہ مریض اپنے دل کی صحت کے متعلق معلومات حاصل کرتے ہوئے صحتمند زندگی گذار سکتے ہیں ۔ 3